پاکستان کو ایک سال میں 16ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرض ملے ،سعودی عرب سب سے بڑا مالی معاون رہا

سعودی عرب نے 3ارب ڈالر کے نئے ڈیپازٹس، ایک ارب ڈالر کا قرضہ اور ایک ارب ڈالر کے ادھار تیل کی سہولت دی

ہفتہ 18 جولائی 2026 21:10

پاکستان کو ایک سال میں 16ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرض ملے ،سعودی عرب سب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2026ء) پاکستان کو ایک سال میں 16 ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرض ملے،سعودی عرب سب سے بڑا مالی معاون رہا۔پاکستان کو ملنے والے بیرونی قرضوں اورگرانٹس کی تفصیلات سامنے آگئیں، اقتصادی امور ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق پاکستان کو گزشتہ مالی سال میں 16ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرض اور مالی معاونت حاصل ہوئی،جو تقریبا 4ہزار 517ارب روپے کے برابر ہے،غیرملکی قرضوں کا 19.92ارب ڈالرکا سالانہ ہدف پورا نہ ہوسکا،پاکستان کو سالانہ ہدف سے 3ارب 72کروڑ ڈالرکم فنانسنگ ملی۔

دستاویزات کے مطابق صرف جون 2026ء میں پاکستان نے 4ارب ڈالر سے زائد قرض حاصل کیا،جبکہ مختلف عالمی مالیاتی اداروں نے مجموعی طور پر 5ارب ڈالر سے زائد کی فنانسنگ فراہم کی۔

(جاری ہے)

سعودی عرب،چین سمیت مختلف ملکوں نے 1.35ارب ڈالر قرض دیا،سعودی عرب پاکستان کا سب سے بڑا مالی معاون رہا،جس نے 3ارب ڈالرکے نئے ڈیپازٹس،ایک ارب ڈالرکا قرضہ اور ایک ارب ڈالر کے ادھار تیل کی سہولت فراہم کی،اسی دوران نیاپاکستان سرٹیفکیٹس کی مدمیں 3ارب ڈالرسے زائد،جبکہ عالمی بینکوں سے 1.90 ارب ڈالر کاکمرشل قرض بھی حاصل کیاگیا،عالمی بینک نے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد قرض دیا،ایشیائی ترقیاتی بینک نے 1.77ارب ڈالر اور عالمی بینک نے ڈیڑھ ارب ڈالر سیزائد قرض فراہم کیا،جبکہ چینی بینک نے 1.70ارب ڈالرکے قرضے کوری فنانس کیا،ایک سال میں برطانوی بینک نے پاکستان کو 20کروڑڈالرکمرشل قرض دیا۔

اقتصادی امورڈویژن کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کو 42کروڑ ڈالر فراہم کئے،آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی اقساط اس کے علاوہ پاکستان نے پراجیکٹ لونزکی مدمیں گزشتہ سال 3.43ارب ڈالرحاصل کیے،نان پراجیکٹ قرضوں کی مدمیں 12.72ارب ڈالرحاصل کیے گئے،مالی سال میں پاکستان کو 14کروڑ 95لاکھ ڈالر گرانٹ بھی حاصل ہوئی۔