ڈیرہ غازی خان میں سکول کی چھت گرگئی، 4 بچے جاں بحق، درجن بھر زخمی

سکول میں معمول کی کلاسز جاری تھیں کہ ایک کمرے کی چھت دھماکے سے نیچے آ گری، بچے ملبے تلے دب گئے، زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 مئی 2026 16:03

ڈیرہ غازی خان میں سکول کی چھت گرگئی، 4 بچے جاں بحق، درجن بھر زخمی
ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2026ء) صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے مضافاتی علاقے میں واقع ایک نجی سکول میں خوفناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں کلاس روم کی چھت گرنے سے 4 معصوم بچوں کی جانیں ضائع ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے میں درس و تدریس کے دوران ایک نجی سکول کے کلاس روم کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی، جس کے نتیجے میں 4 طلباء جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سکول میں معمول کے تحت کلاسز جاری تھیں کہ ایک کمرے کی چھت دھماکے سے نیچے آ گری، جس سے وہاں موجود بچے ملبے تلے دب گئے۔

بتایا گیا ہے کہ حادثے کی خبر پھیلتے ہی والدین کی بڑی تعداد حواس باختہ ہو کر سکول پہنچ گئی جہاں کہرام مچ گیا، ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں، ملبے تلے سے اب تک 4 بچوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، ملبے سے 12 بچوں کو زخمی حالت میں نکال کر فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے مزید بچوں کی موجودگی کے خدشے کے پیشِ نظر سرچ آپریشن تاحال جاری ہے، پولیس اور متعلقہ انتظامی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، ابتدائی طور پر سکول کی عمارت کی تعمیرات میں استعمال ہونے والے مٹیریل اور عمارت کی خستہ حالی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔