Live Updates

معاہدے کے امکانات روشن،ایران جوہری پروگرام جاری نہ رکھنے پر آمادہ ہو گیا. صدر ٹرمپ کا دعوی

ایران نے امریکا کو واضح کر دیا ہے اس کی ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوئی خواہش نہیں، اب شدت سے ڈیل چاہتا ہے، یہ بہت آسان ہے بس ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہ ہوں، ایران کی فضائیہ اور نیوی کو تباہ کر دیا ہے. امریکی صدر کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 7 مئی 2026 16:06

معاہدے کے امکانات روشن،ایران جوہری پروگرام جاری نہ رکھنے پر آمادہ ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 مئی ۔2026 ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ ایران جوہری پروگرام جاری نہ رکھنے سمیت کئی معاملات پر آمادہ ہوچکا ہے، اب شدت سے ڈیل چاہتا ہے، یہ بہت آسان ہے بس ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہ ہوں، ایران کی فضائیہ اور نیوی کو تباہ کر دیا ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاﺅس کے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایران کے میزائل اور ریڈار ختم کر دیئے ہیں، ایران کے رہنما مارے جا چکے، ہم جیت چکے ہیں، ہم ایران سے وہ حاصل کریں گے جو چاہئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان انتہائی مثبت مذاکرات ہوئے ہیں اور اب ایک باقاعدہ معاہدے کے امکانات بہت روشن ہیں.

(جاری ہے)

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اب یہ ممکن ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل ہو جائے، پہلے بھی ایران کے ساتھ اچھی بات ہوئی تھی لیکن بعد میں وہ بھول گئے، ایران کی پہلے اور دوسرے لیول کی قیادت ماری جاچکی، یہ رجیم چینج ہے ان کا کہنا تھا کہ بات بالکل سیدھی اور صاف ہے ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہو سکتے، ایران سے متعلق ہم اچھی پوزیشن میں ہیں، حالات ٹھیک ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی طرف سے دی گئی تجویز کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے اور بہت ممکن ہے کہ ہم جلد کسی حتمی نتیجے پر پہنچ جائیں امریکی صدر یہ عندیہ بھی دیا کہ مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے کے لئے امریکی میڈیا میں زیرگردش 30 دن کی مہلت کی رپورٹ قابل ترمیم ہے اور کبھی کوئی ڈیڈلائن نہیں ہوتی. ادھر عرب نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ سفارتی راستے کو ترجیح دیتے ہیں، کوئی بھی ہمیں ایک خراب معاہدے پر جلد بازی میں مجبور نہیں کر سکتا ٹومی پگوٹ کا کہنا تھا صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی عوام کےلئے ایک اچھی ڈیل کرنے جا رہے ہیں، ٹرمپ واضح کہتے ہیں ایران کوجوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی.

دوسری جانب عرب ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کا ڈرافٹ تیار ہو چکا ہے جس میں جنگ روکنے کی ٹائم لائن کے ساتھ ساتھ آبنائے ہرمز کو کھولنے اور ایران کے منجمد اثاثے بحال کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے رپورٹ کے مطابق ایران نے امریکا کو واضح کر دیا ہے کہ اس کی ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوئی خواہش نہیں ہے، جس پر امریکی حکام نے خوشی کا اظہار کیا ہے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی امریکی تجاویز پر غور کرنے کی تصدیق کی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ ابھی ان تجاویز پر کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکا ہے. 
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات