14 اگست کو قوم کیلئے بہت بڑا سرپرائز ہے، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

اپنی طاقت کی ایک چھوٹی سی جھلک دوبارہ عوام کے سامنے فزیکلی دکھائیں گے، مقصد یہ ہے کہ بعد میں یہ نہ کہیں کہ ہمیں بتایا نہیں تھا؛ ڈی جی آئی ایس پی آر کی معرکہ حق کو 1 سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 مئی 2026 15:47

14 اگست کو قوم کیلئے بہت بڑا سرپرائز ہے، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2026ء) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ اس 14 اگست کو پاکستانی قوم کے لیے بہت بڑا سرپرائز ہے، اِس 14 اگست پر عظیم الشان پریڈ ہو گی، اپنی طاقت کی ایک چھوٹی سی جھلک دوبارہ عوام کے سامنے فزیکلی دکھائیں گے، مقصد یہ ہے کہ بعد میں یہ نہ کہیں کہ ہمیں بتایا نہیں تھا۔ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل اور رحمت سے مسلح افواج قوم کی امنگوں پر پورا اتری ہیں، ،پاک فوج نے اپنی سیاسی و عسکری قیادت کے ویژن کے مطابق اپنے سے 10 گنا بڑے دشمن کو شکست دی، پاکستان کی افواج نے سیاسی اور عسکری قیادت کے وژن کے مطابق اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن اور اُس کے غرور کو مکمل شکست سے دوچار کیا، ہندوستان نے اس بات پر بہت محنت کی کہ دنیا کو یہ باور کراسکے کہ پاکستان دہشتگردی کے پیچھے ہے لیکن معرکہ حق میں شکست کے بعد یہ تمام دعوے زمین بوس ہو گئے، اس کے بعد دنیا کو پتہ چلا کہ بھارت صرف الزام لگا سکتا ہے، بھارت کا دہشتگردی کا ڈرامہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارت اور فتنہ الخوارج کو ہم نے تو پہلے بھی کہا تھا کہ دائیں بائیں جس کو اکٹھا کرنا ہے کر لومگر یہ ننگے بہت اچھے ہو گئے ہیں ،خارجی نور ولی مسعود کہتا ہے کفار کے ساتھ معاہدہ کرنا اور اسلامی ملک پر حملہ کرنا جہاد ہے، خارجی کافر ہے، خارجی کا ٹھکانہ جہنم ہے اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ خارجی کے خلاف جہاد کرنے والی فوج افضل ترین فوج ہے ،پاکستان کی افواج اور عوام بنیان المرصوص کی طرح ایک ہیں، اندر اور باہر سے کچھ لوگوں کو شک تھا لیکن پھر انہوں نے دیکھا کیسے قوم متحد ہوئی،آج کے معلوماتی دور میں صرف اور صرف سچ ہی پنپ سکتا ہے، جو سچ ہے وہ لوگوں کو بتائیں، جھوٹ کا سہارا لے کر راہ فرار اختیار کرنے سے اب کام نہیں چل سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کو ایک سال مکمل ہو گیا لیکن پاکستان نے جو سوالات اٹھائے تھے وہ اب بھی جوں کے توں موجود ہیں، جواب دیں کون لوگ تھے جنہوں نے یہ کروایا، بھارت بتائے کس دہشتگرد کیمپ کو نشانہ بنایا، بھارت پہلگام واقعہ کے آج تک ثبوت سامنے نہیں لا سکا،اگر آپ اس ایک سال کو دیکھیں تو کیسے بھارت کی جو پروفیشنل ملٹری تھی وہ سیاست کی نظر ہوگئی، ان کا ایئر چیف معرکہ حق کے کچھ عرصے بعد صبح جاگا اور اسے یاد آیا کہ ہم نے بھی کوئی جہاز گرائے تھے، اچھا بھلا سولجر سیاست میں پڑ گیا، ہمارے بانی کا ویژن امن تھا، معرکہ حق میں پاکستان نے جنگ میں ذمہ داری کے ساتھ خطے کا امن برقرار رکھا، اس وقت خطے میں استحکام کا کوئی سفیر ہے تو وہ پاکستان اور پاکستان کی قیادت ہے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کہتے ہیں کہ جو بھارتی سیاستدان ہیں وہ سیاستدان کم جنگجو ذیادہ لگتے ہیں، کوئی اکھنڈ بھارت اور کوئی ہندوتوا کا نعرہ لگا رہا ہے، اگر آپ نے ایسا ہی کرنا ہے تو پھر آؤ سامنے،بھارتی سیاستدانوں نے اگر یہی زبان استعمال کرنی ہے تو سامنے آئیں،جو پھینکو گے ہم کھڑے ہیں،بھارتی میڈیا سچ بولنے کی جرات بھی کر لے، کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا، معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی بھارت کا بچہ بچہ جانتا ہے یہ مانے یا نا مانے وہ الگ بات ہے، سندور خواتین کو لگایا جاتا ہے، کم از کم آپریشن کا کوئی مردوں والا نام تو رکھ لیں، آپ سندور سے نکلتے کیوں نہیں ہیں۔