مظفرآباد: حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی چیف سیکرٹری سے ملاقات

جمعرات 7 مئی 2026 22:41

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے ایک وفد نے چیف سیکریٹری آزاد جموں کشمیر خوشحال خان سے دالحکومت مظفر آباد میں ملاقات کی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وفد کی سربراہی سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ کر رہے تھے جبکہ اس میں راجہ خادم حسین شاہین، شیخ عبدالماجد، مشتاق السلام، عبدالمجید میر اور مہاجرین نمائندہ فورم کے غلام حسن بٹ شامل تھے۔

وفدنے چیف سیکریٹری سے اپنی گفتگو میں کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے غیرقانونی بھارتی تسلط کے خلاف برسرپیکار مقبوضہ کشمیر کی عوام کے حوصلے اور ہمت کو ایک نئی مہمیز ملی۔ وفد نے چیف سیکرٹری کو بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے کے تاریخی موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیرِ اہتمام 9 مئی کو مظفر آباد میں منعقد ہونے والی ولولہ انگیز "ہم ہیں بنیان مرصوص" ریلی کے حوالے سے آگاہ کیا اور انہیں ریلی کے انتظام و انصرام، عوامی شرکت اور پروگرام کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وفد نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیاں تمام تر کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر ہے اور جب تک اس مسئلے کو حل نہیں کیا جاتا دونوں ملکوں کو درمیاں تعلقات معمول پر نہیں آسکتے اور نہ ہی خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔چیف سیکریٹری آزاد جموں کشمیر نے حریت کانفرنس کی وفد کا شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘بنیان مرصوص’’ کی کامیابی سے جہاں دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا وہیں اس عظیم کامیابی نے عالمی سطح پر مملکتِ پاکستان کے وقار اور مقام میں نمایاں اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے بعد دنیا کے سامنے پاکستان کی ایک نئی اور مضبوط پہچان اٴْبھر کر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ،آزاد جموں کشمیر کی عوام اور حکومتیں عوام کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا۔