مظفرآباد،کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں معرکہ حق بنیان مرصوص کی پروقار تقریب

جمعہ 8 مئی 2026 17:19

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں معرکہ حق بنیان مرصوص میں پاکستان کی شاندار فتح کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ گیارہویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کی ثقافتی کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں پاکستانی عوام، مسلح افواج پاکستان، شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر آئی ایس پی آر آزاد کشمیر و گلگت بلتستان بریگیڈیئر طارق سہیل تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ڈاکٹر مقیم الاسلام نے تقریب کی صدارت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی بریگیڈیئر طارق سہیل نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور مادر وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

ڈائر یکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ ڈاکٹر مقیم الاسلام نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نہ صرف ایک عسکری کامیابی بلکہ قومی اتحاد، استقامت اور باوقار امن سے وابستگی کی روشن علامت ہے جبکہ اس کامیابی کی سالگرہ کی تقریبات پاکستانی قوم کے جذبہ حب الوطنی، قومی یکجہتی اور شہداء سے وابستگی کا اظہار ہیں۔