خیرپور ڈی سی آفیس میں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کا اہم اجلاس

ہفتہ 9 مئی 2026 00:00

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ میانداد راہوجو اور ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف حسین چاچڑ کے درمیان ڈی سی آفس خیرپور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں پنشنرز کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں بہتری لانے اور اکاؤنٹس مینجمنٹ سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ضلع خیرپور کے پنشنرز کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں افسران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پنشنرز کے مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اکاؤنٹس سے متعلق عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر اور شفاف بنایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف حسین چاچڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنشنرز کو ان کی دہلیز پر آسان سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ انہیں سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگانے پڑیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس خیرپور کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ میانداد راہوجو نے کہا کہ اکاؤنٹس مینجمنٹ نظام میں جدید اصلاحات لا کر عوام کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں افسران نے ضلع میں شفافیت اور عوامی خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ \378