ْچین عالمی پلیٹ فارمز پر ازبکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے، چینی وزیر اعظم

دہشت گردی، انتہاپسندی اور علیحدگی پسندی جیسی منفی قوتوںکے خلاف تعاون کو مضبوط کرینگے،ازبک وزیراعظم

جمعہ 8 مئی 2026 20:00

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا ہے کہ چین عالمی پلیٹ فارمز پر ازبکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے۔چینی وزیرِاعظم لی چیانگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں دور چین پر آئے ازبکستان کے وزیرِ اعظم عبد اللہ عاریپوف سے جمعہ کو ملاقات کی۔لی چیانگ نے کہا کہ چین ازبکستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے سربراہان کی اسٹریٹجک رہنمائی پر عمل کرتے ہوئے سیاسی اعتماد کو مزید مضبوط، باہمی حمایت کو مستحکم اور ہمہ جہتی باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے تاکہ چین ازبکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں مزید نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ چین اقوامِ متحدہ، شنگھائی تعاون تنظیم اور دیگر کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر ازبکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے، جبکہ چین،وسطی ایشیا تعاون میکانزم کو مزید مضبوط بنانے، چاروں گلوبل انیشی ایٹوز پر عمل درآمد اور عالمی نظام کو زیادہ منصفانہ اور متوازن سمت میں آگے بڑھانے کے لیے بھی مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ازبک وزیرِ اعظم عبداللہ عاریپوف نے کہا کہ ازبکستان ایک چین کے اصول کی مضبوط حمایت کرتا ہے اور چین کی جانب سے ازبکستان میں اصلاحات اور ترقی کے لیے فراہم کردہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ازبکستان بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر میں فعال شرکت جاری رکھے گا، دہشت گردی، انتہاپسندی اور علیحدگی پسندی جیسیتین منفی قوتوںکے خلاف تعاون کو مضبوط کرے گا، اور شنگھائی تعاون تنظیم و چین۔وسطی ایشیا میکانزم سمیت مختلف کثیرالجہتی فریم ورکس میں چین کے ساتھ ہم آہنگی کو مزید فروغ دے گا تاکہ دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔