چیمپئن آف ارتھ ایٹنبرا کو 100 سالہ ہونے پر یو این کی مبارکباد

یو این ہفتہ 9 مئی 2026 06:45

چیمپئن آف ارتھ ایٹنبرا  کو 100 سالہ ہونے پر یو این کی مبارکباد

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 09 مئی 2026ء) اقوام متحدہ نے معروف ماہر فطرت سر ڈیوڈ ایٹنبرا کو ان کی 100ویں سالگرہ پر مبارک پیش کی ہے جنہوں نے اس عمر میں بھی ماحول اور زمین کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں آواز اٹھائی جب زیادہ تر لوگ عملی زندگی سے ریٹائر ہو جاتے ہیں۔

ڈیوڈ ایٹنبرا کی سالگرہ پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ان کے لیے مبارک باد کا پیغام بھیجا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں واقع رائل البرٹ ہال میں ان کی سالگرہ کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ لندن کے نیچرل ہسٹری میوزیم نے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حالیہ عرصہ میں دریافت ہونے والی ایک طفیلی بھڑ کا نام ان کے نام سے منسوب کیا ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یونیپ) نے نوے برس سے زیادہ عمر میں بھی ماحولیات کے میدان میں نمایاں کام کرنے پر 2022 میں انہیں 'چیمپئن آف ارتھ' کے اعزاز سے نوازا تھا۔

BBC

انہوں نے لائف آن ارتھ، دی لیونگ پلانٹ اور آور بلیو پلانٹ سمیت متعدد مقبول اور اثر انگیز دستاویزی فلمیں بھی بنائی ہیں جن کے ذریعے فطری ماحول اور اس کے تحفظ سے متعلق آگاہی ملتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا کو کرہ ارض اور اس کے ماحول کی حفاظت کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ ماحولیاتی مسائل کا حل کسی ایک ملک کے بس کی بات نہیں خواہ وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔ ہمیں معلوم ہے کہ مسائل کیا ہیں اور ان کا حل کیسے نکالا جا سکتا ہے۔ کمی صرف مشترکہ اور متحدہ اقدام کی ہے۔

متعلقہ عنوان :