خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران پانچ خوارج ہلاک

7 اور 8 مئی 2026 کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ٹانک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آئی ایس پی آر

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 مئی 2026 22:37

خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران پانچ خوارج ہلاک
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2026ء) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 مئی 2026 کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ٹانک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے تلاش کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے چار خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک خارجی کو ہلاک کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی مزید خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔