Live Updates

حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا

پٹرول کی قیمت 400 روپے سے اوپر چلی گئی، ڈیزل بھی 15 روپے تک مہنگا کرنے کا اعلان، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہو گا

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 مئی 2026 23:56

حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2026ء) حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف حکومت نے ایک مرتبہ پھر عوام پر پٹرول بم گراتے ہوئے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا۔ حکومت کے فیصلے کے تحت فی لیٹر 14 روپے92 پیسے اضافے سے پٹرول کی قیمت 400 روپے سے اوپر چلی گئی، ڈیزل بھی 15 روپے تک مہنگا کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

14 روپے92 پیسے اضافے سے پٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 414 روپے 78 پیسے ہو گئی۔ جبکہ 15 روپے اضافےسے ڈیزل کی نئی فی لیٹر قیمت بھی 414 روپے 58 پیسے مقرر کر دی گئی۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہو گا۔ واضح رہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ایسے وقت میں اضافہ کیاہے جب رواں ہفتے کے دوران عالمی مارکیٹ میں مجموعی طور پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا ہی رجحان زیادہ تر غالب رہا۔

(جاری ہے)

اس کے باوجود حکومت نے عوام کوریلیف منتقل کرنے کے بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تحفہ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے دوٹوک مطالبہ کیا کہ مالیاتی خسارے کو قابو میں رکھنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر کسی بھی قسم کی سبسڈی کا سلسلہ بند کیا جائے۔ عالمی مالیاتی ادارے نے تاکید کی کہ توانائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ ناگزیر ہے، بجلی اور گیس کے ٹیرف سے متعلق ریگولیٹری اداروں (نیپرا اور اوگرا) کی سفارشات پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔

جبکہ یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ حکومت نے پٹرولیم لیوی میں مزید اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ پٹرولیم لیوی کے نام پر 10 ماہ میں عوام کی جیبوں سے 1330 ارب روپے نکالنے کے بعد حکومت نے آئی ایم ایف کو پٹرولیم لیوی میں مزید اضافے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ جبکہ ادارہ شماریات کی سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعثمہنگائی کی سالانہ شرح بھی 15 فیصد سے اوپر چلی گئی ہے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات