محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرزکے زیر اہتمام معرکہ حق گیمز کے سلسلہ میں سائیکلنگ ریس کا انعقاد

ہفتہ 9 مئی 2026 11:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام جاری معرکہ حق گیمز2026 کے سلسلہ میں سائیکلنگ ریس کا انعقاد کیا گیا جو گزشتہ رات ختم ہوا۔ریس میں مردوں،خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریس کے مہمان خصوصی سلمان ملک تھے جبکہ محمد طارق قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔سائیکلنگ ریس کا افتتاح وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کیا۔

اس موقع پر سائیکلسٹس نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے جبکہ قومی پرچم بھی لہرائے گئے۔معرکہ حق سائیکل ریس کے دوران ملی نغموں نے شرکا کا جوش و جذبہ مزید بڑھا دیا۔وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک نے کہا کہ معرکہ حق سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے اور ایک سال قبل ہونے والے معرکہ حق کا جشن منایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت کے لیے پوری قوم اور ہماری افواج سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔

سلمان ملک کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کی مناسبت سے مختلف سپورٹس ایونٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ ان سپورٹس ایونٹس کا مقصد پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہاکی،کراٹے اور سائیکل ریس کا کامیاب انعقاد کیا گیا جبکہ پنجاب اسٹیڈیم میں شیر لاہور دنگل کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے معرکہ حق کو شاندار انداز میں منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلسٹس میں قومی پرچم بھی تقسیم کئے جبکہ اختتام پر وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کامیاب سائیکلسٹس کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائیں۔