اداکارہ اور گلو کارہ طلعت صدیقی کی برسی 9 مئی کو منائی گئی

ہفتہ 9 مئی 2026 16:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) اردو اور پنجابی فلموں کی اداکارہ اور گلو کارہ طلعت صدیقی کی برسی ہفتہ 9 مئی کو منائی گئی۔ انھوں نےفلم عشقِ حبیب ،کون کسی کا ،لوری ،یار مار ،چاچا جی ،بہن بھائی ،لاڈلا ،عندلیب ،امراؤ جان ادا ، اور باغی تے فرنگی میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ طلعت صدیقی کا خاندانی نام ادیبہ نذیر تھا جو 1939میں شملہ میں پیدا ہوئیں ۔

ان کے والد نذیر احمد سرکاری ملازم تھے۔طلعت صدیقی 1956میں اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان منتقل ہو گئیں اور کراچی میں رہائش پزیر ہوئیں ۔ انھوں نے کچھ فلموں میں پس پردہ گلوکاری بھی کی اور بعد میں انھوں نے فلموں عشق حبیب، تصویر، آرزو، درد دل اور پھر صبح ہو گئی میں اداکاری کی۔ پھر وہ فلموں دوراہا، میں وہ نہیں، جانی دشمن، میرا ویر، اک سی ماں اور پنچھی تے پردیسی میں نظر آئیں۔

(جاری ہے)

طلعت صدیقی نے پی ٹی وی کے بہت سے ڈراموں میں بھی کام کیا جن میں دہلیز، کہاں ہے منزل، ضرب گلاب، حصار، وارث اور دھند کے اس پار شامل ہیں۔طلعت صدیقی کی اولاد میں گلوکارہ عارفہ صدیقی اور معروف رقاصہ ناہید صدیقی شامل ہیں۔ طلعت صدیقی کی چھوٹی بہن ریحانہ صدیقی بھی اداکارہ تھیں اور ان کی بھانجی فریحہ پرویز گلوکارہ ہیں۔طلعت صدیقی 9 مئی 2021 کو 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں اور انھیں لاہور کے کینال ویو سوسائٹی کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ طلعت صدیقی کی برسی کے موقع پر شو بز انڈسٹری، فنکار و گلو کار برادری اور ناظرین کی جانب سے بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔