تھانہ نیوٹاؤن میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ، دو ملزمان گرفتار

زخمی ڈاکو سمیت دو ریکارڈ یافتہ ملزمان گرفتار، مسروقہ موٹر سائیکل برآمد

ہفتہ 9 مئی 2026 20:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) تھانہ نیوٹاؤن کے علاقے میں رات گئے موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی ڈاکو سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ نیوٹاؤن پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے زخمی ڈاکو سمیت دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والا موٹر سائیکل تھانہ نیوٹاؤن کے علاقے سے چوری کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق زیر حراست ملزمان ڈکیتی، وہیکل چوری، منشیات فروشی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے متعدد مقدمات میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ ہیں۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کیے گئے۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے، ڈاکوؤں کی گرفتاری اور مسروقہ موٹر سائیکل و اسلحہ کی برآمدگی پر ایس پی راول، اے ایس پی نیوٹاؤن اور نیوٹاؤن پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔