15سالہ جلا وطنی، سیاسی اتار چڑھاؤ اور پھر رہائی‘ تھاکسن دوبارہ منظرِ عام پرآگئے

پیر 11 مئی 2026 22:31

بینکاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2026ء) تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم اور ارب پتی سیاستدان تھاکسن شیناوترا کو پیرول پر جیل سے رہا کر دیا گیا، جہاں ان کے حامیوں نے بھرپور استقبال کیا۔ 15 برس جلاوطنی گزارنے کے بعد وطن واپس آنے والے تھاکسن گزشتہ برس سزا کا سامنا کرنے کے لیے تھائی لینڈ پہنچے تھے، تاہم ان کی رہائی نے ایک بار پھر ملک کی سیاست میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔

تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم تھاکسن شیناوترا کو پیرول پر جیل سے رہا کر دیا گیا۔ وہ آٹھ ماہ قبل عدالت کے حکم پر قید میں گئے تھے، جب سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ انہوں نے اسپتال میں طویل قیام کے ذریعے جیل کی سزا سے بچنے کی کوشش کی۔76 سالہ تھاکسن شیناوترا گزشتہ پچیس برسوں تک تھائی سیاست کے سب سے بااثر رہنماؤں میں شمار ہوتے رہے۔

(جاری ہے)

تاہم حالیہ برسوں میں ان کی سیاسی گرفت کمزور پڑتی گئی، بینکاک کی کلونگ پریم جیل سے رہائی کے وقت تھاکسن سفید قمیص میں ملبوس اور مختصر بالوں کے ساتھ مسکراتے ہوئے باہر آئے۔

انہوں نے اپنی بیٹی اور سیاسی جانشین پیتونگتارن شیناوترا سمیت اہلِ خانہ کو گلے لگایا۔ پیتونگتارن کو گزشتہ برس اگست میں عدالت نے وزارتِ عظمیٰ سے ہٹا دیا تھا۔جیل کے باہر موجود سیکڑوں کارکن، جو ان کی جماعت کے روایتی سرخ رنگ کے لباس میں ملبوس تھے، ’وی لو تھاکسن‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ صحافیوں کے سوال پر تھاکسن نے ہاتھ اٹھا کر کہا کہ وہ ’سکون محسوس کر رہے ہیں۔

‘تھاکسن 2023 میں 15 برس کی خودساختہ جلاوطنی ختم کر کے وطن واپس آئے تھے تاکہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق آٹھ سالہ سزا کا سامنا کر سکیں۔ تاہم جیل میں ایک رات گزارنے کے بجائے انہیں دل اور سینے کی تکلیف کی شکایت پر اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں شاہِ تھائی لینڈ نے ان کی سزا کم کر کے ایک سال کر دی تھی۔