سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا افریقہ کو عالمی سطح پر وسیع تر نمائندگی دینے کے لیے اصلاحات کا مطالبہ

منگل 12 مئی 2026 15:02

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افریقی ممالک کو عالمی حکمرانی میں زیادہ نمائندگی دی جانی چاہیے۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق انہوں نے یہ بات نیروبی میں اقوام متحدہ کے دفتر میں نئی سہولیات کے افتتاح اور ایک بڑے کانفرنس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ افریقہ عالمی امن اور ترقی کے لیے حل فراہم کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔کینیا کے صدر ولیم روٹو کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ یہ نئی سہولیات خطے میں اقوام متحدہ کی پہلی ایسی تنصیبات ہیں جو مکمل طور پر شمسی توانائی پر چلتی ہیں اور صفر کاربن اخراج کی حامل ہیں۔

(جاری ہے)

340 ملین ڈالر کے اس توسیعی منصوبے کے تحت گیگیری کمپلیکس کو دنیا کا تیسرا بڑا اقوام متحدہ کانفرنس مرکز بنایا جائے گا، جو نیویارک اور جنیوا کے بعد ہوگا۔

اس میں 9 ہزار مندوبین کی گنجائش والا نیا ایمفی تھیٹر بھی شامل ہوگا۔منصوبے میں ماحولیاتی تحفظ پر بھی زور دیا گیا ہے، جس کے تحت ہزاروں مقامی درخت لگا کر علاقے کو دوبارہ سرسبز بنایا جائے گا، جبکہ معذور افراد کے لیے مکمل رسائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ موجودہ عالمی حکمرانی اور مالیاتی نظام اب بھی ایسے دور کی عکاسی کرتے ہیں جس میں افریقہ کو نظر انداز کیا گیا تھا، اور انہوں نے افریقہ کو نوآبادیات کا دوہرا شکار قرار دیا۔

انہوں نے اس عالمی مالیاتی ڈھانچے پر تنقید کی جس میں افریقی ممالک کو ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں کہیں زیادہ شرح سود کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حقیقی عالمی انصاف کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افریقہ کی مستقل نمائندگی اور آئی ایم ایف و عالمی بینک میں کوٹہ نظام میں تبدیلی ضروری ہے۔