سید علی گیلانی کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر التجا مفتی کا سوشل میڈیا ایکس اکائونٹ بھارت میں بلاک

منگل 12 مئی 2026 17:08

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں آزادی اظہار پر عائد قدغن کے دوران پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجا مفتی کا سوشل میڈیا ایکس اکائو نٹ بھارت میں بلاک کر دیا گیا ہے، جس کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سوشل میڈیا ایکس نے یہ کارروائی بھارتی حکام کی قانونی درخواست کے بعد کی۔

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب بھارتی سائبر پولیس نے ایک وائرل ویڈیو کلپ جس میں بزرگ کشمیری رہنما سیدعلی گیلانی کو دکھایاگیاہے کے معاملے پر التجا مفتی کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔بھارت میں اکائونٹ تک رسائی کی کوشش کرنے والے صارفین کو اب ایک نوٹس دکھائی دیتا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اکائونٹ تک رسائی قانونی تقاضوں کی تعمیل کی وجہ سے محدود کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

التجا مفتی، جومحبوبہ مفتی کی بیٹی اورپی ڈی پی کی سرگرم رہنما ہیں، گزشتہ چند سالوں سے جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال، انسانی حقوق اور انٹرنیٹ پابندیوں پر کھل کر اظہار کرتی رہی ہیں۔پی ڈی پی رہنمائوں نے مودی حکومت کے اس اقدام کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے سوشل میڈیاپر بے جا پابندیاں عائد کی جارہی ہیں ۔

پارٹی ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا اکائونٹس بند کرنے سے حقائق اور آوازوں کو خاموش نہیں کیا جا سکتا۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جموں و کشمیر میں صحافیوں،انسانی حقو ق کے کارکنوں اور سیاسی شخصیات کے خلاف سوشل میڈیا پرنگرانی، انٹرنیٹ پابندیوں اور قانونی کارروائیوں کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔