فیصل آباد ، پنڈی بھٹیاں موٹروے ایم 4 تین رویہ تعمیرہوگی، وفاقی وزیر مواصلات

بدھ 13 مئی 2026 20:20

فیصل آباد ، پنڈی بھٹیاں موٹروے ایم 4 تین رویہ تعمیرہوگی، وفاقی وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے ٹریفک کی روانی برقراررکھیں، منصوبے کے آغاز سے ایک ماہ میں تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ فیصل آباد،پنڈی بھٹیاں موٹروے ایم4 تین رویہ تعمیر ہوگی۔وفاقی وزیر برائے مواصلات عبد العلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں این ایچ اے کے مختلف جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد موٹروے ایم4 کے موجودہ دو رویہ، 53 کلومیٹر طویل حصے کو تین رویہ کرنے کے تکنیکی منصوبوں کا جائزہ لیا اور خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت کے پیشِ نظر اس منصوبے کو آغاز کی تاریخ سے ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ اس عرصے کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے نارتھ باؤنڈ ٹریفک کو ساؤتھ سائیڈ پر منتقل کیا جائے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے فیصل آباداور پنڈی بھٹیاں کے وسط میںمجوزہ سروس ایریا کو فوری طور پر اپ گریڈ کرنے کا حکم دیا۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے امور کا جائزہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے تکنیکی اور مالیاتی ذمہ داری کو یقینی بنانے کے لیے ماہر ہارٹیکلچرسٹ، ٹرانزیکشن ایڈوائزرز اور ٹریفک انجینئرز کی پری کوالیفکیشن کی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے مخصوص مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کا بھی حکم دیا جس کی ذمہ داری لاگت کے تخمینوں کا باریک بینی سے جائزہ لینا اور منصوبوں کا تجزیہ کرنا ہوگی۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو سخت پیغام دیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی بھی منصوبے میں تاخیر کی صورت میں کنٹریکٹرزکو جرمانوں کا سامنا کرنا ہوگا، بجائے اس کے کہ انہیں لاگت میں اضافے (کوسٹ ایسکلیشن) کی صورت میں نوازا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ عوام کو بنیادی ڈھانچے کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ڈیڈ لائنز پر سختی سے عمل کیا جائے۔شہری تحفظ اور خوبصورتی کے حوالے سے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہاکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ترنول انٹرچینج تک سڑک کی سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لیے اس علاقے کو مکمل طور پر روشن کیا جائے۔ انہوں نے خصوصی طور پر حکم دیا کہ ایئرپورٹ روڈ پر شجرکاری کرتے ہوئے ایسے درخت لگائے جائیں جن سے پانی کی بچت اور سکے اور جنہیں زیادہ آبپاشی کی ضرورت نہ ہو۔

مزید برآں، انہوں نے اس تزویراتی سنگم پر جہاں ایم ون، ایم ٹو اور ایئرپورٹ روڈ ملتے ہیں، ''معرکہ حق'' یادگار تعمیر کرنے کی تجویز پر ہدایت دی کہ اس ضمن میں ہریالی اور فواروں پر مشتمل ڈیزائن کے لیے تجاویز طلب کی جائیں۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت این ایچ اے کے اس اجلاس میں رنگ روڈ سے مانگا منڈی تک سڑک کی تعمیر اور نئے ٹول پلازوں کی تنصیب پر بھی غور و خوض کیا گیا۔

وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے ننکانہ صاحب اور کرتارپور کے قریب 83.8 کلومیٹر طویل گرو نانک ایکسپریس وے پر مجوزہ کمپلیکس کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ طلب کر لی۔وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو محکمانہ امور پر بریفنگ دی جبکہ مختلف ڈویڑنز سے متعلقہ افسران نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔