وزیر صحت پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور انتظامی امور کا جائزہ لیا

بدھ 13 مئی 2026 20:20

وزیر صحت  پنجاب کی زیر صدارت  اجلاس، مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2026ء) وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے اجلاس میں شرکت کی۔

وڈیو لنک کے ذریعے مشیر صحت پنجاب میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر محمود کیانی سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمد کمال مان، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ محمد وسیم و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔آئی ڈیپ نے اجلاس کو منصوبے کی پیش رفت، دستیاب وسائل اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ گوجرانوالہ میں17 ارب روپے کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ مریم نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے،گوجرانولہ ڈویژن کی لاکھوں کی آبادی کو کارڈیک کی جدید اور بہترین سہولیات فراہم کرنے جا رہے ہیں وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی بہتری کیلئے بھی کوشاں ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ یہ ادارہ عوام کیلئے دل کے امراض کے جدید اور معیاری علاج کی فراہمی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

جدید طبی سہولیات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔مشیر صحت پنجاب میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہاکہ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مریم نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔گوجرانوالہ اور گردونواح کے عوام کو دل کے امراض کے علاج کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے کہاکہ ادارے میں جدید طبی آلات، ماہر ڈاکٹرز کی تعیناتی اور مریض دوست سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا،یہ ادارہ خدمت کی عملی مثال بنے گا۔