پنجاب بھر میں مفت سفری سہولت، ایک ہزار بسوں کے لئے بجٹ منظور

بدھ 13 مئی 2026 20:45

پنجاب بھر میں مفت سفری سہولت، ایک ہزار بسوں کے لئے بجٹ منظور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت نے پنجاب کے مختلف شہروں میں مفت سفری سہولت شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت ایک ہزار بسیں چلانے کیلئے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ منصوبے کے تحت شہریوں کو ایک ماہ تک مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ بڑھتے ٹرانسپورٹ اخراجات کے باعث عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق بسیں کرایہ پر حاصل کرنے کے لئے ایک ارب 80کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ بھی منظور کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت محکمہ خزانہ 7روزہ ایڈوانس بنیادوں پر فنڈز جاری کرے گا جبکہ نجی ٹرانسپورٹرز کو ہفتہ وار ادائیگیاں کی جائیں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی منصوبے کی نگرانی کرے گی اور بعد ازاں تمام ادائیگیوں اور ریکارڈ کا مکمل حساب تیار کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو براہ راست بسیں ہائر کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے .ذرائع کے مطابق اگر یہ ماڈل کامیاب رہا تو مفت سفری سہولت کے دورانیے میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔حکومت کو امید ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو سفری اخراجات میں خاطر خواہ ریلیف ملے گا جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگا۔