ڈی آئی جی ایسٹ کا سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی خاتون کی ویڈیو کا نوٹس ،واقعے کی تحقیقات کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت

جمعرات 14 مئی 2026 12:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خاتون کی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کردی۔ترجمان ڈی آئی جی ایسٹ زون کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ کے احکامات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ نے ڈی ایس پی سہراب گوٹھ کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم)تشکیل دے دی ہے، جو واقعے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی۔

پولیس کے مطابق 2 اپریل کو جمالی پل روڈ، کلہاڑا چوک پر پیش آنے والے واقعے اور ملزمان کی عدم گرفتاری سے متعلق مدعیہ ثمینہ لیاقت کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کی گئی تھی، جس کے بعد اعلی پولیس حکام نے معاملے کا نوٹس لیا۔

(جاری ہے)

ایس آئی او سائٹ سپر ہائی وے کے مطابق مقدمے میں نامزد ایک ملزم محمد احمد کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، جو اس وقت جیل کسٹڈی میں ہے، جبکہ دیگر ملزمان پنجاب کے شہر ملتان میں روپوش ہیں۔

ان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم کو ملتان روانہ کیا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر انکوائری کے دوران کوئی پولیس افسر غفلت یا لاپروائی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسٹ زون کے تمام افسران دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔