ہائیکورٹ کا شہر کے 56پارکس ایم سی ایل سے پی ایچ اے کو منتقل کرنے کا حکم

کسی بھی محکمہ کو درخت کاٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عدالت /سموگ تدارک کیس کی سماعت 21مئی تک ملتوی

جمعرات 14 مئی 2026 17:30

ہائیکورٹ کا شہر کے 56پارکس ایم سی ایل سے پی ایچ اے کو منتقل کرنے کا حکم
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) لاہور ہائیکورٹ نے شہر کے 56پارکس میٹروپولیٹن کارپوریشن سے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو اس سلسلہ میں فوری اقدامات کی ہدایت کر دی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منصوبوں اور شجر کاری سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

ڈائریکٹر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر ہسپتال کے قریب نظریہ پاکستان روڈ پر موجود غیر ضروری راستے بند کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے۔اس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ ٹریفک کی روانی کے لیے مناسب روڈ انجینئرنگ منصوبہ بندی نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

، ممبر ماحولیاتی کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جوہر آباد میں بننے والی سڑک کو دوبارہ ڈیزائن کر کے گیارہ ہزار درختوں کو کٹنے سے بچا لیا گیا ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے اس اقدام کو ماحول کے تحفظ کے لیے جوڈیشل کمیشن کی بڑی کامیابی قرار دیا۔ ممبر ماحولیاتی کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ کہ 56پارکس جو میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی ملکیت ہیں انہیں فوری طور پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو منتقل کیا جانا چاہیے۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ڈپٹی کمشنر فوری طور پر یہ پارکس پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے حوالے کریں۔

وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ مختلف مقامات پر درخت کاٹنے کے لیے نوٹس جاری کر رہا ہے۔ اس پر جسٹس شاہد کریم نے پنجاب حکومت کے لا ء افسر کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی محکمہ کو درخت کاٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔،سماعت میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز سمیت مختلف محکموں کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21مئی تک ملتوی کر دی۔