وفاقی وزیر برائے پٹرولیم سے قطر ی سفیر کی ملاقات، ایل این جی کی فراہمی، توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال

جمعرات 14 مئی 2026 13:50

وفاقی وزیر برائے پٹرولیم  سے  قطر ی سفیر کی ملاقات، ایل این جی کی فراہمی، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر نے پٹرولیم ڈویژن میں ملاقات کی ،جس میں ایل این جی کی فراہمی، توانائی کے شعبے میں تعاون اور سٹریٹجک سٹوریج کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان کو بروقت ایل این جی کارگوز فراہم کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز میں رش اور موسمِ گرما میں بجلی کی طلب میں اضافے کےباعث پاکستان کو درپیش چیلنجز کے دوران قطر کا تعاون انتہائی اہم رہا۔

انہوں نے کہا کہ قطر کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ وہ قطر کے وزیر توانائی سعد شیریدہ الکعبی سے مسلسل رابطے میں رہے اور ایل این جی جہازوں کی آمد سے متعلق قریبی رابطہ کیا جس کے نتیجے میں دو ایل این جی کارگوز کامیابی سے پاکستان پہنچے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بلا تعطل ایل این جی سپلائی یقینی بنانے کے لیے قطر کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترجیح ہے کہ دوست اور برادر ممالک سے ضروری منظوریوں کے تحت توانائی سپلائی حاصل کی جائے تاکہ کسی جانی یا مالی نقصان کے بغیر قومی ضروریات پوری کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی توانائی ضروریات کے پیش نظر اضافی گیس سپلائی کے حصول کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال سے اہم اسباق حاصل ہوئے ہیں اوروزیراعظم، فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم کی قیادت میں حکومت ایک جامع انرجی سکیورٹی پالیسی تشکیل دے رہی ہے تاکہ بیرونی چیلنجز کے مقابلے میں پاکستان کی توانائی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔

قطری سفیر علی بن مبارک الخاطر نے پاکستان کے لیے قطر کی غیر متزلزل حمایت کااعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قطر کی قیادت نے پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں برادر ممالک کی قیادت کے درمیان گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔ قطری سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی ثالثی اور تعمیری کردار کو بھی سراہا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاکستان اور قطر کے درمیان توانائی تعاون کو مزید فروغ دینے اور مستقبل میں مستحکم و قابلِ اعتماد ایل این جی اور توانائی سپلائی یقینی بنانے کے لیے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔