اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کھلی کچہری‘ شہریوں کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی

کھلی کچہری صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے عوامی رابطہ نظام کو مزید موثر بنانے کی جانب ایک اہم اقدام ہے .ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 مئی 2026 14:43

اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کھلی کچہری‘ شہریوں کے مسائل کے فوری حل ..
سوات(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 مئی ۔2026 ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا اور گڈ گورننس وژن کے تحت، سیکرٹری سیاحت و ثقافت خیبر پختونخوا سعادت حسن کی خصوصی ہدایات پر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ڈائریکٹر جنرل شوزب عباس کی زیر صدارت فیس بک ای کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد شہریوں کو براہ راست اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کرنے کا موثر پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا.

(جاری ہے)

اس موقع پر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے متعلقہ افسران نے شرکت کی اور شہریوں کی شکایات و مسائل کو تفصیل سے سنا ای کھلی کچہری میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے ترقیاتی منصوبوں، سیاحتی سہولیات، سڑکوں کی حالت، صفائی ستھرائی، ماسٹر پلان اور دیگر عوامی امور سے متعلق اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں. ڈائریکٹر جنرل شوزب عباس نے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ادارے کی اولین ترجیح ہے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں متعلقہ اداروں کے ساتھ موثر رابطہ قائم کیا جائے.

اسسٹنٹ ڈائریکٹر و ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان نے بتایا کہ یہ فیس بک ای کھلی کچہری صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے عوامی رابطہ نظام کو مزید موثر بنانے کی جانب ایک اہم اقدام ہے . انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی باقاعدگی کے ساتھ فیس بک ای کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جاتا رہے گا تاکہ عوامی مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف عوامی مسائل کو براہ راست سن کر ان کے حل کو یقینی بنانا ہے بلکہ سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ دینا بھی ہے تاکہ اپر سوات کو ایک مثالی اور جدید سیاحتی مقام بنایا جا سکے شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس قسم کی کھلی کچہریوں سے عوامی مسائل کے حل میں بہتری آئے گی اور اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا.