کم آمدن والے طبقے کو رہائش کی فراہمی اور سستے گھروں کے منصوبے ہماری ترجیحات ہیں، وزیراعظم

اس حوالے سے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، ہاؤسنگ کے شعبے میں تمام معاملات کو ڈیجیٹائز اور آٹو میٹ کیا جائے گا تاکہ شفافیت کو فروغ ملے؛ شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 مئی 2026 14:23

کم آمدن والے طبقے کو رہائش کی فراہمی اور سستے گھروں کے منصوبے ہماری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2026ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی اور سستے گھروں کے منصوبے ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کو ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات کے حوالےسے تجاویز پیش کی گئیں، اجلاس کو بڑے شہروں کے لئے ماسٹر ٹاؤن پلاننگ کی تجویز بھی دی گئی، اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے، کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے بشمول نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور بے ہنگم شہری پھیلاو کی وجہ سے زرعی زمین پر دباو بڑھ رہا ہے، جس کے لیے مناسب حکمت عملی کی ضرورت ہے، ہاؤسنگ کے شعبے میں تمام معاملات کو ڈیجیٹائز اور آٹو میٹ کیا جائے گا تاکہ شفافیت کو فروغ ملے، ہاوسنگ سیکٹر میں بیرون ملک سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اس سیکٹر کو ضابطہ کار کے تحت لانا ضروری ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں شفافیت لانے کے حوالے سے معتبر سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ریگولیٹری فریم ورک سہل کیا جائے گا، ہاؤسنگ اور ڈیولپمنٹ سیکٹر میں کام کرنے والوں کے لیے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن لازمی قرار دی جانی چاہیئے، شہروں کے بے ترتیب پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے بھی حکمت عملی بنائی جائے گی، بڑے شہروں میں اونچی عمارتوں اور ورٹیکل ایکسپینشن کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، ڈویلپرز، خریداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے حقوق کی تحفظ کے حوالےسے ون ونڈو سسٹم قائم کیا جانا چاہئیے، وزیراعظم نے ان تجاویز کے حوالےسے صوبوں کے ساتھ مشاورت کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیر زادہ ، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ ، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، چئیرمین نیب لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد بٹ، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔