اینڈریو فلنٹوف کو سڈنی تھنڈر کا نیا ہیڈ کوچ مقررکئے جانے کا امکان،برطانوی آل راؤنڈر کی بگ بیش لیگ میں حیران کن واپسی

جمعرات 14 مئی 2026 16:10

اینڈریو فلنٹوف کو  سڈنی تھنڈر کا  نیا  ہیڈ کوچ مقررکئے جانے کا امکان،برطانوی ..
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) انگلینڈ کے سابق لیجنڈری آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کی ٹیم سڈنی تھنڈر کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق اینڈریو فلنٹوف نے کوچنگ کی اس دوڑ میں دیگر امیدواروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور جلد ہی ان کی تقرری کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔

سڈنی تھنڈر کو اپنے سابق کوچ ٹریور بیلس کی رخصتی کے بعد ایک ورلڈ کلاس ٹی ٹونٹی کوچ کی تلاش تھی۔ ٹریور بیلس کی قیادت میں ٹیم نے اگرچہ 25-2024 کے سیزن میں فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، لیکن گزشتہ سیزن میں ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہی۔اینڈریو فلنٹوف گزشتہ ایک سال سے انگلینڈ لائنز (انگلینڈ کی اے ٹیم) کے کوچ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وہ انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کے ساتھ بطور مشیر بھی منسلک رہے ہیں۔ فرنچائز کرکٹ میں ان کا تجربہ دی ہنڈریڈ لیگ میں ناردرن سپر چارجرز کے ساتھ رہا ہے، جہاں ان کی کوچنگ میں ٹیم نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اینڈریوفلنٹوف 15-2014 کے سیزن میں برسبین ہیٹ کی جانب سے بطور کھلاڑی بگ بیش لیگ کا حصہ رہ چکے ہیں۔بطور کوچ اینڈریوفلنٹوف کے سامنے پہلا بڑا چیلنج سٹار بیٹر ڈیوڈ وارنر کی کپتانی کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا۔

ڈیوڈ وارنر کو حال ہی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی (ڈرنک ڈرائیونگ) کے الزامات کا سامنا ہے، جس کا فیصلہ جون کے آخر میں عدالت سے ہونا ہے۔نیو ساؤتھ ویلز کرکٹ نے حال ہی میں اپنے ڈومیسٹک ڈھانچے میں کئی تبدیلیاں کی ہیں، جن میں جیمز ہوپس کو سڈنی سکسرز کا کوچ اور بریڈ ہیڈن کو ریاست کا نیا کوچ مقرر کرنا شامل ہے۔ اینڈریو فلنٹوف کی آمد کو سڈنی تھنڈر کے لیے ایک نئے اور جارحانہ دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔