دوسرا ٹیسٹ: بابر اعظم کس کھلاڑی کی جگہ لیں گے؟، حیران کن نام سامنے آگیا

بنگلہ دیش نے ڈھاکا ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز میں ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کی ہوئی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 14 مئی 2026 14:26

دوسرا ٹیسٹ: بابر اعظم کس کھلاڑی کی جگہ لیں گے؟، حیران کن نام سامنے آگیا
ڈھاکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 مئی 2026ء ) پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کی دوسرے ٹیسٹ میں شرکت یقینی ہے بس سوال یہ ہے وہ کس کھلاڑی کی جگہ ٹیم میں شامل ہوں گے؟۔ 
پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم جو بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انجری کے باعث شرکت نہ کر سکے۔ 
تاہم انہوں نے انجری مسئلے سے چھٹکارا پا لیا ہے اور بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں، جس کے باعث ان کی دوسرے ٹیسٹ میں شرکت یقینی ہے۔

 
شائقین کے ذہنوں میں سوال یہ ہے کہ بابر اعظم کے لیے قومی ٹیسٹ ٹیم کے پہلے میچ کے اسکواڈ کے کس کھلاڑی کو باہر بٹھانا پڑے گا؟۔ 
ڈھاکا ٹیسٹ سے قبل جب بابر کو انجری ہوئی تو ان کی جگہ اذان اویس اور عبداللہ فضل کو ایک ساتھ ڈیبیو کا موقع ملا اور اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں نے زبردست پرفارم کیا۔

(جاری ہے)

 

تو کیا پہلے میچ میں سنچری بنانے والے اذان اویس اور مشکل کنڈیشن میں دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے عبداللہ فضل جو یہ کارنامہ انجام دینے والے چھٹے پاکستانی کھلاڑی بنے ہیں، ان نوجوان کھلاڑیوں میں سے کسی ایک کو باہر بیٹھنا پڑے گا؟ 
خراب پرفارمنس کے بعد شان مسعود کے باہر بیٹھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ وہ تو ٹیم کے کپتان ہیں۔

 
بابر اعظم کی واپسی کے لیے نائب کپتان سعود شکیل اور سلمان علی آغا کو بھی ڈراپ کیے جانے کا امکان نہیں۔ 
اب بچتے ہیں اوپنر امام الحق۔ ڈھاکا ٹیسٹ میں امام کے طرز عمل پر ویسے بھی سوال اٹھ رہے ہیں کہ دونوں اننگز میں انہوں نے پہلی گیند خود کھیلنے کے بجائے دونوں اننگ میں ڈیبیو کرنے والے اذان اویس کو آگے کیا۔ 
امام الحق نے پہلی اننگ میں 45 رنز بنائے تو دوسری اننگ میں صرف دو رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔

 
امکان یہی ہے کہ بابر کی واپسی کے لیے امام الحق کو قربانی دینا ہوگی۔ 
واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری میچ 16 مئی سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔ 
 بنگلہ دیش نے ڈھاکا ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز میں ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کی ہوئی ہے۔