ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام 16 سے 30 سال کے طلباء و طالبات کے درمیان مصوری کے مقابلوں کا انعقاد

جمعرات 14 مئی 2026 19:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام 16 سے 30 سال کے طلباء و طالبات کے درمیان مصوری کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ملتان کائنات اظہر خان نے کہا کہ خواتین ہر شعبہ حیات میں تیزی کے ساتھ ترقی کر رہی ہیں اور زندگی کے تمام میدانوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین زندگی کا ہراول دستہ ہیں اور اپنی محنت، قابلیت اور لگن کے باعث ہر شعبے میں بے مثال کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، قوم کی بیٹیاں میڈیکل، انتظامیہ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ملک و قوم کا نام روشن کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت اور ان کی کامیابیاں ایک ترقی یافتہ معاشرے کی علامت ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر نے اس موقع پر کہا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل محبوب عالم کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں خواتین کی سماجی خدمات کے موضوع پر مصوری، ٹیبلو اور تقاریر کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو جو عزت و وقار عطا کیا ہے اس کی مثال دنیا کے کسی بھی نظام میں نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے اور وہ ہر شعبے میں اپنی محنت اور صلاحیتوں کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کر رہی ہیں۔ اس موقع پر معروف گلوکار راحت ملتانیکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کی بیٹیاں بھرپور تخلیقی صلاحیتوں کی حامل ہیں اور ان کے فن پارے ان کی قابلیت اور سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔مصوری کے مقابلے میں ملتان ڈویژن کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

مقابلے کے نتائج کے مطابق صہیب حسن نے پہلی، مسکان حسین نے دوسری اور امائمہ یحییٰ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انہیں بالترتیب 50 ہزار، 30 ہزار اور 20 ہزار روپے کے نقد انعامات کے چیک دیے جائیں گے۔ تمام شریک طلباء و طالبات کو پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔ مقابلے کے ججز کے فرائض مہوش حسن، رجاب فیاض اور فرح رحمن نے انجام دیئے، جنہوں نے شرکاء کے فن پاروں کو سراہا اور معیار کو مجموعی طور پر حوصلہ افزا قرار دیا۔ مزید اعلان کیا گیا کہ 15 مئی کو اسلم انصاری آڈیٹوریم میں ٹیبلو کے مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ 16 مئی کو تقریری مقابلے ہوں گے۔ ان مقابلوں میں بھی نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :