سکھر۔حیدرآباد موٹروے منصوبے پر رواں سال کام شروع ہو جائے گا ، عبدالعلیم خان

جمعہ 15 مئی 2026 13:35

سکھر۔حیدرآباد موٹروے منصوبے پر رواں سال کام شروع ہو جائے گا  ، عبدالعلیم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2026ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سینیٹ کو آگاہ کیا ہے کہ طویل عرصے سے زیرِ التوا سکھر۔حیدرآباد موٹروے منصوبے پر رواں سال کام شروع ہو جائے گا جبکہ منصوبے کے پانچ میں سے تین سیکشنز کی منظوری دی جا چکی ہے اور ٹینڈرنگ کا عمل بھی جاری ہے۔جمعہ کو سینیٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر سید مسرور احسن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ سکھر سے حیدرآباد تک موٹروے منصوبے کو پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین سیکشنز کی منظوری مکمل ہو چکی ہے جبکہ ٹینڈرز جاری کیے جا رہے ہیں، امید ہے کہ اگست یا ستمبر تک عملی تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت مالی مشکلات اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈٖی پی ) میں کم فنڈز کے باوجود سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر توجہ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں اس وقت 109 ٹول پلازے فعال ہیں اور ہدایت جاری کی گئی ہے کہ خراب سڑکوں پر بحالی کا کام مکمل ہونے تک ٹول پلازے فعال نہ رکھے جائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹول ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدن موجودہ سڑکوں کی دیکھ بھال اور نئی شاہراہوں کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) ٹول وصولیوں کے ذریعے نمایاں ریونیو حاصل کر رہی ہے جوانفراسٹرکچر منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک کی کئی سڑکوں کی حالت تسلی بخش نہیں اور فنڈز کی کمی سڑکوں کی مرمت اور توسیعی منصوبوں میں بڑی رکاوٹ ہے۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ بھاری ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی اوورلوڈنگ شاہراہوں کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے، جس کے باعث طویل مدت کے لیے تعمیر کی گئی سڑکیں چند برسوں میں ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہیں۔انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ حکومت سڑکوں کے معیار اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔سینیٹرز کی جانب سے سکھر۔حیدرآباد موٹروے سے متعلق ماضی کی یقین دہانیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کئی دہائیوں کی تاخیر کے بعد یہ منصوبہ اب عملی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور رواں سال اس پر باضابطہ کام کا آغاز ہو جائے گا۔