ْمویشی منڈیوں کو روایتی منڈیوں کے بجائے ماڈل منڈیوں کے طور پر تیار کیا جائیگا ،ڈپٹی کمشنر

منڈیوں کے باہر ٹریفک کے دبائو کو روکنے اور شاہراہوں پر ٹریفک کی بلاتعطل روانگی کو برقرار رکھنے کے لیے جامع ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے

جمعہ 15 مئی 2026 14:35

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2026ء) سی ایم پنجاب کے بدلتا پنجاب وژن اور صوبے کے شہریوں کو بہترین اور جدید ترین سہولیات فراہم کرنے کے عزم کے تحت ضلع قصور میں ماڈل مویشی منڈیوں کے قیام کے سلسلے میں ایک اہم اور اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپتی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری، اسسٹنٹ کمشنر پتوکی نشتر رحمان لودھی، اے سی قصور محمد ثاقب، اے سی چونیاں میڈم سدرہ شجاع،اے سی کوٹ رادھاکشن فاروق قریشی، پیرا فورس، ریسکیو 1122 ، محکمہ لائیو سٹاک، واسا قصور ، میونسپل کمیٹیز کے چیف افسران ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر قصور سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے واضح کیا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں قائم ہونے والی مویشی منڈیوں کو روایتی منڈیوں کے بجائے ماڈل منڈیوں کے طور پر تیار کیا جائے گا جہاں بیوپاریوں اور خریداروں کو تمام بنیادی سہولیات ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔ انہوں نے تمام محکموں کو الرٹ رہنے اور آپس میں قریبی کوآرڈینیشن برقرار رکھنے کا حکم دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ماڈل مویشی منڈیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر کوہدایت کی کہ منڈیوں کے باہر ٹریفک کے دبائو کو روکنے اور شاہراہوں پر ٹریفک کی بلاتعطل روانگی کو برقرار رکھنے کے لیے جامع ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے۔ منڈیوں کے ساتھ گاڑیوں اور مال بردار گاڑیوں کے لیے وسیع اور منظم پارکنگ ایریاز قائم کیے جائیں۔

منڈیوں میں آمد و رفت کو سہل بنانے کے لیے مناسب، وسیع اور الگ الگ داخلی اور خارجی راستے بنائے جائیں تاکہ کسی بھی قسم کے رش یا بھگدڑ کی صورتحال سے بچا جا سکے۔رات کے اوقات میں خریداری کے عمل کو محفوظ اور آسان بنانے کے لیے منڈیوں میں روشنی کا فول پروف انتظام کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی فلڈ لائٹس نصب کی جائیں۔ سیکیورٹی کے لیے پولیس اور پیرا فورس کی پیٹرولنگ اور چوکیاں قائم کی جائیں۔

صحت عامہ، سیکیورٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے منڈیوں میں محکمہ ہیلتھ، پنجاب پولیس، ریسکیو 1122 اور محکمہ لائیو سٹاک کے باقاعدہ ہیلپ ڈیسک قائم کیے جائیں گے جہاں عملہ چوبیس گھنٹے شفٹوں میں ڈیوٹی دے گا۔ ڈی سی نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کے لیے وافر مقدار میں صاف پینے کے پانی کا بندوبست یقینی بنایا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ منڈیوں میں مناسب تعداد میں عارضی و مستقل ٹوائلٹس قائم کیے جائیں ۔ ایل ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کمیٹیاں وہاں روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کا مثالی انتظام کریں۔ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں مجوزہ ماڈل مویشی منڈیوں کے مقامات کا خود دورہ کریں اور انتظامات کی نگرانی کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وزیراعلی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں عوامی سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فرائض میں غفلت یا سستی برتنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔