ناسا اور سپیس ایکس کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے نیا مشن روانہ

یہ مشن اسپیس ایکس کا آئی ایس ایس کے لیے 34واں تجارتی سپلائی مشن ہے،حکام

ہفتہ 16 مئی 2026 22:31

ناسا اور سپیس ایکس کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے نیا مشن روانہ
لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2026ء) امریکی خلائی ادارے ناسا اور نجی خلائی کمپنی سپیس ایکس نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس)کے لیے نیا تجارتی سپلائی مشن کامیابی سے روانہ کر دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق سپیس ایکس کا ڈریگن خلائی جہاز تقریبا 6 ہزار 500 پانڈ سامان لے کر امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کینیورل اسپیس فورس اسٹیشن سے روانہ ہوا۔

(جاری ہے)

ناسا کے مطابق خلائی جہاز اتوار کی صبح خودکار نظام کے تحت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے منسلک ہو جائے گا۔ مشن کے ذریعے خلائی اسٹیشن میں موجود عملے کے لیے ضروری سامان اور کئی سائنسی تجربات بھی بھیجے جا رہے ہیں۔خلائی جہاز میں ایسے جدید آلات شامل ہیں جو زمین کے گرد موجود چارج شدہ ذرات، سیاروں کی تشکیل اور زمین و چاند سے منعکس ہونے والی سورج کی روشنی کا درست جائزہ لینے میں مدد فراہم کریں گے۔ناسا کا کہنا تھا کہ یہ مشن اسپیس ایکس کا آئی ایس ایس کے لیے 34واں تجارتی سپلائی مشن ہے۔ مشن کی روانگی پہلے خراب موسم کے باعث دو بار مخر کی گئی تھی۔