ابوظہبی میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کی پروقار تقریب، پاک افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل ہفتہ 16 مئی 2026 17:35

ابوظہبی میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کی پروقار تقریب، پاک افواج کی ..
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ نہایت وقار اور عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد صدرِ پاکستان، وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا خصوصی ویڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا جبکہ آپریشن کے آغاز اور کامیاب تکمیل پر مبنی دستاویزی ویڈیوز بھی پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان کے سفیر شفقات علی خان نے اپنے خطاب میں پاکستان کی دور اندیشی، ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور تنازع کے دوران متوازن حکمت عملی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے مثبت نتائج آج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے پاک افواج کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس دن کو عاجزی اور شکرگزاری کے جذبے کے ساتھ یاد رکھا جانا چاہیے۔ سفیر پاکستان نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنی خودمختاری، قومی مفادات اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر چیلنج کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔