پاکستان بزنس کونسل شارجہ اور پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، کاروباری تعاون کے نئے دور کا آغاز

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل ہفتہ 16 مئی 2026 17:34

پاکستان بزنس کونسل شارجہ اور پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے درمیان ..
شارجہ: پاکستان بزنس کونسل شارجہ (PBCS) اور پاکستان برطانیہ بزنس کونسل (PBBC) کے درمیان ایک باوقار مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب شارجہ کے ایک معروف ریسٹورنٹ میں منعقد ہوئی، جسے متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ کاروباری تعلقات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تقریب کی میزبانی مسٹر خالد چوہدری، ڈائریکٹر ایڈوائزری PBCS اور صدر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ نے کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جبکہ سید سلیم اختر، سینئر وائس چیئرمین PBCS نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس شراکت داری کو دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔ تقریب میں راشد اقبال خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر PBBC، بورڈ ممبران، ایگزیکٹو ممبران اور مختلف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راشد اقبال خان نے کہا کہ یہ تعاون متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات اور برطانیہ کے درمیان ایک مضبوط پل ثابت ہوگا۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں تنظیموں کے اراکین کو برطانیہ اور یو اے ای میں کاروبار کے قیام کے لیے مفت مشاورتی خدمات فراہم کی جائیں گی جبکہ سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ معاہدے پر دستخط سید سلیم اختر نے پاکستان بزنس کونسل شارجہ جبکہ راشد اقبال خان نے پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کی جانب سے کیے۔ تقریب کے اختتام پر یادگاری شیلڈز اور تحائف کا تبادلہ کیا گیا جبکہ منتظمین اور معاونین کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ شرکاء نے پاکستان، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی تعاون اور کاروباری ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔