حکومت کا ملک بھر میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے عید کی چھٹیوں کی منظوری دے دی، نوٹیفکیشن جاری

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 مئی 2026 11:53

حکومت کا ملک بھر میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2026ء ) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے مذہبی تہوار کی مناسبت سے عام تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ 2026ء کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے، کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عید کی چھٹیاں 26 مئی سے 28 مئی تک ہوں گی، جس کے دوران تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے، بینک اور تعلیمی مراکز بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے تحت تعطیلات کا دورانیہ کچھ یوں بنتا ہے کہ منگل 26 مئی کو پہلی چھٹی یومِ عرفہ کی ہوگی، بدھ 27 مئی کو دوسری چھٹی کو عید الاضحیٰ کا پہلا دن ہوگا، جمعرات 28 مئی کو تیسری چھٹی عید الاضحیٰ کے دوسرے دن کی ہوگا جب کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سرکاری سطح پر ویسے ہی چھٹیاں ہوتی ہیں تو اب مجموعی طور پر سرکاری ملازمین عید پر 6 چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ بدھ 27 مئی کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی، اس سے قبل منگل 26 مئی کو یومِ عرفہ ہوگا، جو مذہبی طور پر انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس دن ملک بھر میں مسلمان بڑے پیمانے پر روزے رکھنے کا اہتمام بھی کرتے ہیں، جب کہ حکومت کی جانب سے چھٹیوں کے اعلان کے بعد پردیسیوں نے اپنے آبائی علاقوں کی جانب رخ کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، ادھر مویشی منڈیوں میں بھی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے، انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ چھٹیوں کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔