Live Updates

ایران کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہوئی ہے، ہم یہ جنگ تیزی سے ختم کر دیں گے، ٹرمپ

ایران کو کسی بھی صورت ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ یہ عالمی امن کیلئے بڑا خطرہ ہے، ایران کو جوہری ہتھیاروں سے دور رکھنے کے لیے وقت محدود ہے؛ امریکی صدر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 مئی 2026 10:49

ایران کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہوئی ہے، ہم یہ جنگ تیزی سے ختم کر دیں گے، ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2026ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں اور کشیدگی کے حوالے سے انتہائی اہم پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کو اب تیزی سے ختم کر دیا جائے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیرِ صدارت وائٹ ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایران کے خلاف جاری فوجی آپریشنز، سفارتی کوششوں اور مستقبل کے جنگی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں نائب صدر، وزیرِ خارجہ، وزیرِ دفاع اور اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی، وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے حکام کے ساتھ ہونے والے اس ہنگامی اجلاس کے بعد صدر ٹرمپ نے ایران کی عسکری صلاحیتوں کی مکمل تباہی کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے حوالے سے اب مثبت پیش رفت ہوئی ہے، جس کی بنیاد پر اس جنگ کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، ایران کی بحریہ، فضائیہ، زمینی فوج اور قیادت کو مفلوج کر دیا گیا ہے، ایران کو کسی بھی صورت ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ یہ عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں ایک تعمیری سائٹ کے دورے کے موقع پر صدر ٹرمپ نے ایران کے جوہری عزائم پر سخت تشویش کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار آگئے تو وہ سب سے پہلے اسرائیل کو نشانہ بنائے گا اور اسے تباہ کرنے میں دیر نہیں لگائے گا، ہم اسرائیل کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ایران کو جوہری ہتھیاروں سے دور رکھنے کے لیے وقت محدود ہے اور اسے ایک بڑا دھچکا دینا ناگزیر ہو چکا ہے، ایران پر دوبارہ حملے کی ضرورت پڑ سکتی ہے، جس کے لیے جمعہ، ہفتہ یا آئندہ ہفتے کے آغاز کا وقت مقرر کیا جا سکتا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات