شہدائے حول کی قربانیوں کو ہمیشہ عقیدت اور عزم کے ساتھ یاد رکھا جائے گا، میر واعظ عمر فاروق

جمعہ 22 مئی 2026 11:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2026ء) بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ 21مئی جموں و کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے، جب کشمیری عوام کے محبوب رہنما اور آواز شہید ملت میر واعظ مولوی محمد فاروق فاروق کو شہید کر دیاگیاتھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے میر واعظ مولوی محمد فاروق کو 21مئی 1990کو سرینگر میں ان کی رہائپر گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا، اسی روز سرینگر کے علاقے حول میں بھارتی فوجیوں نے ان کے جنازے کے شرکا پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 70 سوگواروں کو شہید کر دیا تھا۔

میرواعظ عمر فاروق نےایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس سانحے کی تلخ یادیں کشمیریوں کے ذہنوں میں آج بھی تازہ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہدائے حول کی قربانیوں کوہمیشہ عقیدت اور عزم کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ برسوں بعد اسی تاریخ کو حریت خواجہ عبدالغنی لون کوشہید کر کے کشمیریوں کی ایک اور باہمت اور دلیر آواز کو خاموش کرا دیا گیا ۔

میرواعظ نے افسوس کا اظہار کیاکہ دھمکیوں، فوجی طاقت اوردیگرظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے بھارتی قابض حکام نے کشمیریوں کو اپنے جذبات کے اظہار اور اپنے محبوب قائدین اور شہدائے حول کو خراج عقیدت پیش کرنے سے روک دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو مزار شہدا، عیدگاہ میں فاتحہ خوانی کیلئے جانے کی بھی اجازت نہیں ہے ، جبکہ انہیں بھی گھر میں نظربند کردیاگیاہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس طرح کے جابرانہ ہتھکنڈوں سے زمینی حقیقت کو نہیں بدلاجاسکتا۔