ماڈل ٹاؤن میں گھریلو ملازمہ سے مبینہ زیادتی و ہلاکت کیس، تفتیش میں پیشرفت

انویسٹی گیشن پولیس کا تفتیشی دائرہ وسیع، ڈرائیور کو طلب کرنے کیلئے عدالت سے رجوع ٌڈی این اے اور فرانزک شواہد کی بنیاد پر کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ،پولیس ذرائع

جمعرات 4 جون 2026 19:45

ماڈل ٹاؤن میں گھریلو ملازمہ سے مبینہ زیادتی و ہلاکت کیس، تفتیش میں ..
 لاہور(آن لائن) لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں گھریلو ملازمہ سے مبینہ زیادتی، اسقاط حمل اور ہلاکت کے کیس میں انویسٹی گیشن پولیس نے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں قتل کی دفعات شامل ہونے کے بعد تفتیشی حکام نے ڈرائیور حسن کو شاملِ تفتیش کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ متعلقہ ڈرائیور کو طلب کر کے بیان ریکارڈ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کے مختلف پہلوؤں کو سائنسی بنیادوں پر جانچنے کے لیے ڈرائیور حسن کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا بھی ارادہ ہے۔ اس سلسلے میں مقتولہ کے نمونے پہلے ہی فرانزک اور ڈی این اے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے جا چکے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق گھر کے مالک کے دونوں بیٹوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شواہد کی بنیاد پر اصل حقائق تک پہنچا جا سکے۔ تفتیشی حکام نے کہا ہے کہ تمام شواہد، فرانزک رپورٹس اور سائنسی نتائج کی روشنی میں کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔