ایڈیشنل کمشنر کراچی کا ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی و دیگر کے ہمراہ نشتر پارک اور باغِ جناح کا دورہ، عاشورہ انتظامات کا جائزہ

تمام انتظامات حتمی شکل دیے جا رہے ہیں، صفائی، روشنی، سڑکوں کی بحالی اور دیگر کام عاشورہ سے قبل مکمل کر لیے جائیں گے، ٹائون چیئرمین

اتوار 7 جون 2026 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2026ء) ایامِ عاشورہ کے سلسلے میں ایڈیشنل کمشنر کراچی غلام مہدی شاہ نے ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی نصیر اللہ عباسی کے ہمراہ یوسی 2 نشتر پارک اور یوسی 10/11 باغِ جناح کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ٹان چیئرمین جناح ٹان رضوان عبد السمیع نے جلوسوں اور مجالس کے انتظامات، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بالخصوص ملک بھر سے آنے والے عزادارانِ حسینی کی سہولت کے لیے نشتر پارک اور باغِ جناح میں پورٹیبل واش رومز کی تنصیب سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات پر بریفنگ دی۔

وفد نے جلوسوں کی گزرگاہوں، مجالس کے اطراف جاری انتظامات، صفائی کے اقدامات، روشنی کے نظام اور دیگر سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

دورے میں وائس چیئرمین حامد نواز خان، ایس ایس پی ضلع شرقی زبیر نظیر احمد شیخ، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ طارق نظامانی، ڈائریکٹر ایسٹ نعمان وحید، ڈائریکٹر ساتھ امتیاز بھٹو، واٹر کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ ٹان چیئرمین رضوان عبد السمیع نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران عزادارانِ حسینی کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جبکہ صفائی، روشنی، سڑکوں کی بحالی اور دیگر ترقیاتی و انتظامی کام عاشورہ سے قبل مکمل کر لیے جائیں گے۔