کمالیہ شہر بھر میں قائم غیر قانونی سپیڈ بریکر حادثات کا سبب بننے لگے

پیر 15 جون 2026 16:23

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2026ء) کمالیہ شہر بھر میں قائم غیر قانونی سپیڈ بریکر حادثات کا سبب بننے لگے ، شہریوں کا انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کمالیہ شہر کے مختلف علاقوں، شاہراہوں اور رہائشی محلوں میں غیر قانونی اور غیر معیاری سپیڈ بریکرز کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں اور مسافروں کے لیے مشکلات کا باعث بن گئی ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بغیر کسی منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کی منظوری کے بنائے گئے سپیڈ بریکرز نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں بلکہ آئے روز حادثات کا بھی سبب بن رہے ہیں۔شہری حلقوں کے مطابق متعدد مقامات پر سپیڈ بریکرز مقررہ معیار کے برعکس انتہائی اونچے اور غیر ہموار تعمیر کیے گئے ہیں، جن پر رات کے وقت مناسب نشانات یا وارننگ سائنز بھی موجود نہیں۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کے باعث موٹر سائیکل سوار، رکشہ ڈرائیور اور دیگر گاڑیوں کے ڈرائیور اچانک بریک لگانے یا گاڑی کا توازن کھو بیٹھنے سے حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے بتایا کہ غیر قانونی سپیڈ بریکرز کی وجہ سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی سروسز کی آمدورفت میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں قائم غیر قانونی اور غیر معیاری سپیڈ بریکرز کا فوری سروے کرایا جائے ، قواعد و ضوابط کے خلاف تعمیر کیے گئے سپیڈ بریکرز کو ہٹایا جائے اور صرف ٹریفک قوانین کے مطابق معیاری سپیڈ بریکرز نصب کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات اور ممکنہ حادثات سے بچایا جا سکے ۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس مسئلے پر فوری توجہ نہ دی گئی تو حادثات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ، جس کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

متعلقہ عنوان :