ویگو ڈالے تو ان ہی کے ہوتےہیں جن کی یہ غلامی کررہے ہیں، لطیف کھوسہ کا خواجہ آصف کے بیان پر تبصرہ

کیا خواجہ آصف یہ سہہ پائیں گے؟ اس پر سٹینڈ لیں گے؟ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کے وزیر دفاع سے سوالات

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 جون 2026 11:56

ویگو ڈالے تو ان ہی کے ہوتےہیں جن کی یہ غلامی کررہے ہیں، لطیف کھوسہ کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2026ء) پاکستان تحریکِ انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور معروف قانون دان سردار لطیف خان کھوسہ نے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی جانب سے قومی اسمبلی میں ویگو ڈالوں پر پابندی کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں ماضی کی تاریخ یاد دلادی۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے خواجہ آصف کے بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو شدت سے کہیں گے کہ ماشاء اللہ، خوش آمدید! خواجہ آصف صاحب آپ نے بہت اچھا کیا ہے، سارے ویگو ڈالے لیں اور غریبوں میں پیسے بانٹ دیں تاکہ غریبوں کی بھی کوئی خوشحالی ہو۔

اس موقع پر انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ ویگو ڈالے تو دراصل طاقت کی علامت ہیں اور یہ گاڑیاں انہی قوتوں کی ہیں جن کی یہ یعنی حکومتی ارکان خود غلامی کر رہے ہیں، کیا خواجہ آصف یہ سب سہہ پائیں گے اور اس مؤقف پر اسٹینڈ لے سکیں گے؟۔

(جاری ہے)

لطیف کھوسہ نے وفاقی وزیر کو ماضی کے وزیرِ اعظم محمد خان جونیجو کی مثال دیتے ہوئے خبردار کیا کہ انہوں نے جو کہا ہے وہ اب کرکے دکھائیں، ورنہ ان کا بھی وہی حشر ہوگا جو جونیجو کا ہوا تھا، جونیجو صاحب بھی بیوروکریٹس کو چھوٹی گاڑیوں پر لے آئے تھے، اور پھر نتیجہ یہ ہوا کہ ان کی اقتدار سے ہی رخصتی ہو گئی، خواجہ آصف اپنی کرسی کو سنبھالیں۔

اپنے بیان کے آخر میں لطیف کھوسہ نے خواجہ آصف کی انتخابی حیثیت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ویسے بھی یہ فارم 47 کے ذریعے آئے ہیں اور عام انتخابات میں سیالکوٹ سے ریحانہ ڈار سے ہارے ہوئے ہیں، اس لیے ان کو تو حکومت سے ہٹانا ویسے ہی بہت آسان ہوگا۔