مسجد الحرام میں طلبہ اور محققین کے لیے خصوصی سمر سائنسی کورس کا اعلان، ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس سرپرستی کریں گے

منگل 23 جون 2026 18:47

مسجد الحرام میں طلبہ اور محققین کے لیے خصوصی سمر سائنسی کورس کا اعلان، ..
مکہ مکرمہ؍اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2026ء) صدارت عامہ برائے امور مذہبی مسجد الحرام و مسجد نبوی نے نئے ہجری سال کے آغاز پر طلبہ اور محققین کے لیے ایک خصوصی اور مقتدر سمر سائنسی کورس کا باقاعدہ اعلان کیا ہے جس کی سرپرستی صدر امور مذہبی فضیلۃ الشیخ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس فرما رہے ہیں۔ ’’فقہی اور اصولی تعمیر‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والا یہ ممتاز علمی کورس 8 محرم الحرام سے شروع ہو کر 2 صفر المظفر 1448 ہجری تک رحاب مسجد الحرام میں جاری رہے گا۔

اس کورس کا بنیادی مقصد علم دین کے متلاشیوں اور شرعی علوم کے ماہرین کی علمی و فکری استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔ کورس کے دوران سعودی عرب کی مقتدر علمی شخصیات، ہیئۃ کبار العلما کے معزز اراکین اور حرمین شریفین کے مدرسین مختلف اہم موضوعات پر تخصیصاتی لیکچرز دیں گے۔

(جاری ہے)

تعلیمی نصاب میں فقہی مسائل کی تخریج، عصر حاضر کے نئے مسائل (نوازل) میں ان کا کردار، قواعد فقہیہ کی تشریح، تقابلی فقہ اور اصول فقہ جیسے دقیق موضوعات شامل کیے گئے ہیں۔

تمام تدریسی سیشنز مسجد الحرام کے مختلف حصوں بالخصوص توسعہ شاہ فہد میں کرسی نمبر 12 پر نماز فجر، عصر، مغرب اور عشاء کے بعد منعقد ہوں گے۔کورس کی انتظامیہ کے مطابق اس تربیتی پروگرام میں باقاعدگی سے شرکت کرنے والے تمام شرکا کے لیے صدارت عامہ کی جانب سے باقاعدہ تصدیق شدہ اسناد (سرٹیفکیٹس) جاری کی جائیں گی۔ خواتین طالبات کے لیے بھی مسجد الحرام میں باب نمبر 74 (پہلی منزل) کے سامنے مخصوص تدریسی ہال کا انتظام کیا گیا ہے۔ دنیا بھر سے خواہش مند طلبہ اور محققین کی سہولت کے لیے رجسٹریشن کا آن لائن لنک اور بارکوڈ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ وہ بروقت اپنا اندراج یقینی بنا سکیں۔\932