دیسی ساختہ موٹرکشتی کا انجن جھیل کے عین درمیان میں بند ہوگیا‘پانی کی بے رحم لہروں نے کشتی الٹا دی . ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ

ملاح کشتی کو محفوظ حدود سے باہر لے گیا تھا‘ کشتی کا آپریٹرسیاحوں کو موت کے منہ میں چھوڑکرتیر کر جھیل سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا‘ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 2 جولائی 2026 20:13

دیسی ساختہ موٹرکشتی کا انجن جھیل کے عین درمیان میں بند ہوگیا‘پانی ..
سوات(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 جولائی ۔2026 ) سیف اللہ جھیل کالام میں کشتی ڈوبنے سے ایک ہی خاندان کے 6افراد کی ہلاکت پر ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملاح کشتی کو محفوظ حدود سے باہر لے گیا تھا اور اسی دوران دیسی ساختہ موٹرکشتی کاتیل پر چلنے والا انجن بند ہوگیا‘بتایا گیا کہ اس وقت کالام میں موسم بھی خراب تھا اور تیزہواﺅں کے علاوہ پانی کا بہاﺅ بھی حالیہ بارش کی وجہ سے غیرمعمولی تھا‘انجن کے اچانک بند ہونے سے کشتی پانی کی تیزلہروں پر توازن برقرارنہ رکھ سکی اور جھیل کے درمیان میں الٹ گئی.

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کشتی کا ملاح تیر کر جھیل سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا تاہم وہ ابھی تک فرارہے پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے‘رپوٹ میں”اردوپوائنٹ“کی خبر کی تصدیق کی گئی ہے کہ جھیل پر لائف جیکٹس‘ہنگامی حالت میں مددکرنے والی امدادی کشتیاں اور لائف گارڈز کی سہولت موجود نہیں ہے‘سیف جھیل سمیت کے پی کے ‘گلگت بلستان‘آزادکشمیر‘پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں موجود جھیلوں میں اس طرح کے حفاظتی انتظامات کا تصور نہیں ہے ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے واقعے کی مکمل تحقیقات اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی ہیں.

دوسری جانب ترجمان اپرسوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ کشتی آپریٹرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ سوات میں کشتی رانی ، زیپ لائن ، سکائی سائکلنگ اور دیگر ٹورسٹ ایکٹیویٹی کے ایس او پیز کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا اورجو بھی ایس او پیز پر عمل نہیں کرے گا اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا.

دریں اثناءکشتی حادثے میں لاپتہ لڑکی کی تلاش کے لیے آج بھی آپریشن جاری رہا تاہم سورج غروب ہونے تک کوئی سراغ نہیں مل سکا‘واضح رہے کہ لاہور کا خاندان سیاحت کے لیے سوات گیا تھا اور کالام کی سیف اللہ جھیل پر کشتی رانی کے دوران یہ المناک حادثہ پیش آیا‘ حادثے کے بعد جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے حوالے سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بحرین جنید خان کی زیر صدارت ایک اہم جرگہ منعقد ہوا جس میں اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی انچارج کالام ‘سب آفس سوات پولیس، ٹورازم پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں اور مقامی حکام اور عمائدین نے شرکت کی.

جرگے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا گیا مقامی حکام اور عمائدین نے ضلعی انتظامیہ، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی بروقت کارروائی اور امدادی خدمات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جنید خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ لاپتہ خاتون کی تلاش اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک سرچ آپریشن مکمل نہیں ہو جاتا.
دیسی ساختہ موٹرکشتی کا انجن جھیل کے عین درمیان میں بند ہوگیا‘پانی ..