وینزویلا زلزلہ: بیس بال سٹیڈیم بنا متاثرین کی پناہ گاہ
یو این
جمعرات 2 جولائی 2026
22:30
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 02 جولائی 2026ء) وینزویلا میں گزشتہ ہفتے آنے والے دو ہولناک زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد 2,295 تک جا پہنچی ہے جبکہ 11,256 افراد زخمی ہیں۔ ریاست لاگوائیرا کا مشہور پالایا گراندے بیس بال سٹیڈیم زلزلہ متاثرین کی پناہ گاہ بن گیا ہے جہاں ہزاروں لوگ بے یقینی کے عالم میں اچھے وقت کے منتظر ہیں۔
لاگوائیرا میں کھیل صرف سٹیڈیم تک محدود نہیں ہوتے بلکہ پوری معاشرتی زندگی کا حصہ ہیں۔
دوپہر کے وقت بیس بال اور فٹ بال کھیلتے بچے، کھیلوں کی تربیت گاہیں، اپنے بچوں کی تربیت کے دوران ملاقاتیں کرتے والدین اور سٹیڈیم کی نشستوں پر اکٹھے بیٹھنے والے ہمسایے اس علاقے میں روزمرہ زندگی کے مناظر کا نمایاں حصہ رہے ہیں لیکن آج اس سٹیڈیم اور گردونواح میں ہر جگہ خیمے، گدے اور کپڑوں کے تھیلے دکھائی دیتے ہیں۔(جاری ہے)
بچے خیموں کے درمیان کھیلتے اور رضاکار متاثرین میں کافی، سینڈوچ اور دیگر خوراک تقسیم کرتے نظر آتے ہیں۔
پناہ گاہ کے دونوں جانب زلزلے سے تباہ شدہ عمارتیں دکھائی دیتی ہیں اور بعض مقامات پر اب بھی ملبے تلے دبے لوگوں کی تلاش جاری ہے۔مقامی برادری اور عالمی تعاون
دارالحکومت کراکس کے شمال میں بحیرۂ غرب الہند اور پہاڑوں کے درمیان واقع ساحلی ریاست لاگوائیرا ان علاقوں میں شامل ہے جو 24 جون کو آنے والے دونوں زلزلوں میں سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
پلایا گراندے سٹیڈیم کا عارضی پناہ گاہ میں تبدیل ہونا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کھیلوں کی سہولیات اور ان سے وابستہ برادری نے اس بحران میں لوگوں کو تحفظ دینے کے لیے کس قدر اہم کردار ادا کیا ہے۔ زلزلے کے فوری بعد مقامی فلاحی تنظیموں اور رضاکاروں نے بے گھر خاندانوں کے لیے سٹیڈیم کے دروازے کھولے جبکہ پیشہ ور فٹ بالر بھی منہدم عمارتوں میں ہونے والی امدادی کارروائیوں میں شریک ہوئے۔
بعد ازاں حکومت نے اس سٹیڈیم کو ان مراکز میں شامل کر لیا جہاں اقوام متحدہ اپنا امدادی کام انجام دے رہا ہے۔
عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) نے یہاں جمعہ سے پہلے بے گھر خاندانوں کے لیے ایک کمیونٹی کچن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عالمی ادارہ اطفال (یونیسف) بچوں کے تحفظ کے لیے محفوظ مقامات اور پانی، صفائی اور حفظان صحت کی سہولیات فراہم کرنے پر کام کر رہا ہے جبکہ عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) پناہ اور دیگر امدادی خدمات کی منصوبہ بندی میں تعاون کر رہا ہے۔
ملک میں اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ دفتر (اوچا) کی سربراہ وینیسا مے نے بتایا ہے کہ امدادی ٹیمیں اب بھی ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور گزشتہ رات تک لوگوں کو زندہ نکالا جا رہا تھا۔
دھوپ، بارش اور غیر یقینی
صبح ہوتے ہی پالایا گراندے کے میدان میں گرمی بڑھنے لگتی ہے۔ آٹھ بجے تک درجہ حرارت تقریباً 24 ڈگری سینٹی گریڈ ہو جاتا ہے جو بعد میں 29 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے۔ حالیہ بارشوں نے حالات مزید مشکل بنا دیے ہیں۔
یہاں پناہ گزین لوگوں کے لیے یہ کیمپ صرف رہائش کی جگہ نہیں بلکہ ایسا مقام بھی ہے جہاں وہ ایک دوسرے سے لاپتہ عزیزوں کی خبر پوچھتے ہیں، معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں اور قریب جاری امدادی کارروائیوں پر نظریں جمائے رکھتے ہیں۔
کئی خاندان کیمپوں میں آنے کے بجائے اپنی ٹوٹی پھوٹی عمارتوں کے قریب ہی رہنا پسند کر رہے ہیں حالانکہ ان گھروں میں پانی نہیں ہے اور وہ رہائش کے لیے محفوظ بھی نہیں رہے۔ کچھ لوگ دن رات ملبے کے پاس بیٹھے اپنے عزیزوں کی راہ تکتے رہتے ہیں۔ شام ڈھلتے ہی لوگ ایک اور رات خیموں میں گزارنے کی تیاری کرتے ہیں۔ بچے اپنے والدین کے ساتھ لیٹ جاتے ہیں جبکہ رضاکار خوراک اور ادویات تقسیم کرتے رہتے ہیں۔
وہ سٹیڈیم جہاں کبھی لوگ وینزویلا کے سب سے مقبول کھیل سے لطف اندوز ہونے کے لیے جمع ہوتے تھے آج انہیں زندگی کی ایک بنیادی ضرورت یعنی سر چھپانے کی جگہ اور نسبتاً محفوظ رات فراہم کر رہا ہے۔ تاحال کسی کو معلوم نہیں کہ یہ لوگ یہاں کتنا عرصہ رہیں گے، واپس جانے پر وہ اپنے گھروں کو کس حالت میں پائیں گے اور پہلے ہی کئی آفات اور مسائل جھیلنے والا معاشرہ دوبارہ کیسے سنبھلے گا۔
یو این امدادی کارروائیاں
- تلاش اور بچاؤ: کم از کم 28 ممالک سے تعلق رکھنے والی 51 سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں جن میں 2,276 ماہرین اور 165 تربیت یافتہ کتے شامل ہیں۔
- مالی امداد: اقوام متحدہ نے اپنے ہنگامی امدادی فنڈ سے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر جاری کیے ہیں اور وینزویلا کے لیے امدادی فنڈ بھی فعال کر دیا ہے۔ امریکہ نے اس فنڈ کے لیے 10 کروڑ ڈالر جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے مزید 10 کروڑ ڈالر فراہم کیے ہیں۔
- خوراک کی فراہمی: عالمی پروگرام برائے خوراک لاگوائیرا میں 2,000 متاثرین کو فوری استعمال کے لیے تیار خوراک فراہم کر چکا ہے۔
- پناہ اور تحفظ: عالمی ادارہ مہاجرت(آئی او ایم) عارضی پناہ گاہوں کے انتظام اور متاثرہ افراد کی رجسٹریشن میں معاونت کر رہا ہے جبکہ پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا ادارہ (یو این ایچ سی آر) ضروری معلومات کے انتظام اور نفسیاتی معاونت کی فراہمی میں مدد دے رہا ہے۔
- جامع امداد: اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار تین مراکز میں بیک وقت صحت، خوراک، صاف پانی، صفائی، تحفظ اور نفسیاتی معاونت جیسی خدمات مہیا کر رہے ہیں
مزید اہم خبریں
-
ایس ایم ڈبلیو 5سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں تعطل
-
پرتگال کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا انسانی سمگلر گرفتار
-
وینزویلا زلزلہ: بیس بال سٹیڈیم بنا متاثرین کی پناہ گاہ
-
خیبرپختونخواہ حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیکج کا اعلان کردیا
-
جیل اصلاحات کا آغاز اڈیالہ جیل سے ہونا چاہئے، وہاں قیدیوں کیلئے انتظار گاہ بنائی جائے
-
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان
-
لاہور غیرملکی خواتین زیادتی کیس؛ اسحاق ڈار کے رشتے دار رضا ڈار کیخلاف مقدمہ درج
-
ورلڈ بینک کے مطابق وفاق میں وزارتوں اور اخراجات میں کمی کی بجائے اضافہ ہوگیا ہے
-
دیسی ساختہ موٹرکشتی کا انجن جھیل کے عین درمیان میں بند ہوگیا‘پانی کی بے رحم لہروں نے کشتی الٹا دی . ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ
-
تحریک انصاف کا آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان
-
ایک دوسرے کو گرانے سے فرصت ملے تو دلدل کی طرف پیش قدمی روکیں، خواجہ سعد رفیق
-
پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس سست ہونے کی اطلاعات، صارفین پریشان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2026, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.