Live Updates

خیبرپختونخواہ حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیکج کا اعلان کردیا

صحافیوں کو بلاسود قرضوں کیلئے ایک ارب، میڈیا کالونیز کے قیام کیلئے 50 کروڑ، پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کیلئے 15 کروڑ مختص، سرکاری اشتہارات کو کم ازکم اجرت سے مشروط بنایا جائےگا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے پشاور پریس کلب کابینہ کی ملاقات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 2 جولائی 2026 22:25

خیبرپختونخواہ حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیکج کا اعلان ..
پشاور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 02 جولائی 2026ء ) خیبرپختونخواہ حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیکج کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی سے پشاور پریس کلب کی کابینہ اور گورننگ باڈی کے وفد نے ملاقات کی۔ 
پشاور پریس کلب کی کابینہ اور گورننگ باڈی کے وفد نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی سے ملاقات کی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کا جلد سنگِ بنیاد رکھنے اور پشاور کے صحافیوں کے لیے علیحدہ جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ کے قیام سے اصولی اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت آزاد، ذمہ دارانہ اور خودمختار صحافت کے فروغ، صحافیوں کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ خوشحال خیبر پختونخوا مالی سال بجٹ 2026-27 میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم مالی اقدامات کئے ہیں۔

کارکن صحافیوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے ایک ارب روپے، میڈیا کالونیز کے قیام، فزیبلٹی اور ڈیزائن کے لیے50 کروڑ روپے، پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے 15 کروڑ روپے، صوبے بھر کے ضلعی پریس کلبوں کی بحالی کے لیے 30 کروڑ روپے، انفارمیشن سیکٹر میں جدت اور ترقی کے لیے 10 کروڑ روپے مختص، جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میڈیا اداروں کو سرکاری اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کارکن صحافیوں کے واجبات اور کم از کم اجرت کی ادائیگی سے مشروط بنایا جائے۔ انہوں نے نیو پشاور ویلی سٹی میڈیا انکلیو پر صحافیوں کو اعتماد میں لے کر قواعد و ضوابط کے مطابق پیش رفت یقینی بنانے اور صحافیوں کے لیے مطالعاتی دوروں کے انعقاد کی بھی ہدایت جاری کی۔ ملاقات کے اختتام پر پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کو پریس کلب کے دورے اور نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھنے کی دعوت دی۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات