تحریک انصاف کا آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

جب کشمیری عوام خود سڑکوں پر ہوں تو پی ٹی آئی اقتدار کی سیاست کیلئے انتخابی عمل کا حصہ نہیں بن سکتی؛ پارٹی اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 جولائی 2026 20:09

تحریک انصاف کا آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی 2026ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر کے موجودہ کشیدہ حالات، عوامی دھرنوں اور ریاستی طاقت کے استعمال کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا اعلان کردیا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کوئی عارضی سیاسی حکمتِ عملی یا نفع نقصان کا حساب نہیں بلکہ یہ کشمیری عوام کی امنگوں، حقِ خودارادیت اور ان کے جمہوری حقوق کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا کھلا ثبوت ہے، جب کشمیری عوام خود سڑکوں پر ہوں تو پی ٹی آئی اقتدار کی سیاست کے لیے انتخابی عمل کا حصہ نہیں بن سکتی۔

تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کی موجودہ دگرگوں صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں شہری اپنے جائز مطالبات کے لیے دھرنا دیے بیٹھے ہیں، حکومت کی طرف سے طاقت کے بے جا استعمال کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جبکہ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ پنجاب سے آزاد کشمیر کو اشیائے خوردونوش کی ترسیل بھی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے، جس سے وہاں شدید انسانی بحران جنم لے رہا ہے، ایسے حالات میں الیکشن کروانا عوام کو مزید سیاسی عدم استحکام میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں موجودہ مقتدر حلقوں کے اقدامات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موجودہ حکومتی طرزِ عمل سے آزاد جموں و کشمیر کی آئینی، جمہوری اور سیاسی شناخت کو شدید مجروح کیا جا رہا ہے، ایک ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے جس سے آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان موجود بنیادی فرق ہی مٹ جائے، جو پاکستان کی تاریخی اور روایتی کشمیر پالیسی کے لیے انتہائی مہلک اور نقصان دہ ہے، قیادت کی گرفتاریوں، میڈیا پر قدغنوں اور سیاسی کارکنوں پر ظلم کے ماحول میں انتخابی عمل اپنی ساکھ کھو چکا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ وہ اس وقت تک آزاد کشمیر میں کسی انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی جب تک حالات مکمل طور پر معمول پر نہیں آ جاتے، تمام سیاسی و عوامی قوتوں کے تحفظات دور نہیں کیے جاتے، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام جائز مطالبات افہام و تفہیم سے حل نہیں ہو جاتے، موجودہ یکطرفہ انتخابی شیڈول پر نظرثانی کر کے تمام جماعتوں کو مساوی اور آزادانہ ماحول فراہم نہیں کیا جاتا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے تمام امیدواروں کو جاری کردہ یا تجویز کردہ ٹکٹوں کی سفارشات کو فی الفور معطل کرتے ہوئے انتخابی عمل کو حالات سازگار ہونے تک مؤخر کر دیا ہے، پارٹی کا کہنا ہے کہ اب ان کی سیاسی مہم کا مرکز و محور الیکشن لڑنا نہیں بلکہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات اور کشمیری عوام کے بنیادی و جمہوری حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہوگا۔