مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 187ویں برسی کی مرکزی تقریب ،بھارت سمیت مختلف ممالک کے سکھ یاتریوں کی شرکت

بھارتی سکھ یاتریوں نے انتظامات کو سراہا، حکومت پاکستان نے مذہبی رواداری اور بہترین مہمان نوازی کے عزم کا اعادہ کیا

پیر 29 جون 2026 22:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2026ء) متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 187ویں برسی کی مرکزی تقریب گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں بھارت سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے عہدیداران، متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ، سیکرٹری جنرل پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی ستونت کور، ممبران ، پروفیسر ممپال سنگھ اور دیگر بھی شریک ہوئے۔سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بورڈ قمرالزمان کی ہدایات پر سکھ یاتریوں کو رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات، میڈیکل کیمپ، ایمبولینس سروس اور فوری طبی امداد سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی باہمی احترام، مذہبی رواداری اور مشترکہ ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے سکھ جب چاہیں پاکستان آئیں، حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ ان کی خدمت اور مہمان نوازی کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں متروکہ وقف املاک بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ارکان کی جانب سے سکھ یاتریوں کی بہترین خدمت اور مثالی مہمان نوازی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سکھ قوم پاکستان کے سر کا تاج ہے اور بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والی سکھ سنگت پاکستان سے محبت، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام لے کر واپس جاتی ہے۔ انہوں نے سکھ برادری سے اپیل کی کہ گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کوریڈور کی جلد بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔بھارتی سکھ یاتریوں نے پاکستان میں قیام کے دوران فراہم کی گئی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوردواروں کی دیکھ بھال، صفائی، تزئین و آرائش اور دیگر انتظامات قابلِ ستائش ہیں۔

سکھ یاتری ہرجندر کور نے کہا کہ پاکستان میں موجود گوردوارے پہلے سے زیادہ خوبصورت اور بہترین حالت میں ہیں۔جتھہ لیڈر خوشویندر سنگھ نے کہا کہ رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات بہترین انداز میں فراہم کی گئیں، جبکہ سکھ یاتری ہروندر سنگھ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے انتظامات کو مثالی اور قابلِ تحسین قرار دیا۔واضح رہے کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی میں شرکت کے لیے آنے والے بھارتی سکھ یاتری اپنا دس روزہ مذہبی دورہ مکمل کرنے کے بعد 30جون کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہوں گے، جہاں سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق انہیں الوداع کریں گے۔