اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی کیس، درخواستوں کی قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

۵قیدِ تنہائی سے متعلق درخواستیں، قابلِ سماعت قرار پائیں تو فریقین کو نوٹس جاری ہوں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ

منگل 30 جون 2026 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2026ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی کے خلاف دائر درخواستوں پرفیصلہ محفوظ کرلیاہے عدالت نے کہاہے درخواست قابل سماعت ہوئیں توہی فریقین کو نوٹس جاری کییجائیں گے۔عدالت نے منگل کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ وفاقی حکومت، نیب اور ایڈووکیٹ جنرل نے دلائل میں موقف اختیار کیاہے کہ درخواستیں ناقابلِ سماعت ہیں اس لیے انھیں عدالت مسترد کردے۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیئے کہ عدالت پہلے درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ کرے گی، اگر درخواستیں قابلِ سماعت قرار پائیں تو ہی فریقین کو نوٹس جاری کیے جائیں گے۔جسٹس خادم حسین سومرو نے درخواست گزار کے وکیل سلمان صفدر سے مکالمے میں کہا کہ اگر یہی بینچ آئندہ سماعت کرے تو کیس اگست کے پہلے ہفتے میں ہی مقرر کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سلمان صفدر نے موقف اختیارکیاکہ یہ انسانی حقوق سے متعلقہ کیس ہے۔بانی کو لگاتار قید تنہائی میں رکھا جارہاہے آئین وقانون میں ہرکسی کے حقوق متعین ہیں جن پر عمل درآمد ضروری ہے۔یہ درخواستیں قابل سماعت ہیں عدالت ان پر نوٹسزجاری کرتے ہوے متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرے جبکہ اس دوران حکومتی وکلاء نے مخالفت میں دلائل دیے۔عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا