ایس ایم ڈبلیو 5سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں تعطل

صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار اور کنکٹویٹی میں عارضی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے، پی ٹی اے کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ ترجمان پی ٹی اے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 2 جولائی 2026 23:58

ایس ایم ڈبلیو 5سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں تعطل
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 02 جولائی 2026ء ) ایس ایم ڈبلیو 5سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں تعطل، صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار اور کنکٹویٹی میں عارضی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ترجمان پی ٹی اے کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کو جلد از جلد معمول کے مطابق بحال کرنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے SEA-ME-WE 5 (SMW5) بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں آنے والے تعطل کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ اس خرابی کے نتیجے میں بعض انٹرنیٹ صارفین کو سروس کے معیار اور کنیکٹیویٹی میں وقتاً فوقتاً کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

 

ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے)، SMW5 کنسورشیم کے ساتھ مل کر خرابی کی بنیادی وجہ معلوم کرنے اور سروس کی بحالی کے متوقع وقت (ETTR) کے تعین کے لیے کام کر رہی ہے۔

اس دوران، خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی روابط کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔ 
پی ٹی اے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ خدمات کی مکمل بحالی کو جلد از جلد یقینی بنایا جا سکے۔ یاد رہے ملک بھر میں چھوٹے بڑے شہروں میں انٹرنیٹ سروس اچانک شدید سست ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث آن لائن کام کرنے والے افراد، کاروباری حضرات اور عام صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق انٹرنیٹ کنکٹیویٹی اور ویب سائٹس کی ڈاؤن ٹائم پر نظر رکھنے والے بین الاقوامی ادارے "ڈاؤن ڈیٹیکٹر" نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے کئی بڑے شہروں بشمول کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں انٹرنیٹ سروس کے تعطل اور سست روی کی لہر دیکھی جا رہی ہے، جس سے متعدد صارفین بیک وقت متاثر ہوئے ہیں۔