پرتگال کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا انسانی سمگلر گرفتار

ملزم نے متعدد شہریوں کو ویزہ دلوانے کا جھانسہ دیا، مجموعی طور پر 86 لاکھ روپے کی خطیر رقم وصول کی، معصوم شہریوں کو بیرون ملک روزگار کے خواب دکھا کر خطیر رقم بٹورنے کے بعد ملزم روپوش ہو گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 جولائی 2026 23:36

پرتگال کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا انسانی سمگلر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی2026ء) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دینے والے ایجنٹ کو گرفتار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی 2 جولائی 2026ء کو عمل میں لائی گئی، جہاں حکام نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا، ملزم کے خلاف امیگریشن آرڈیننس 1979ء اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت باقاعدہ ایف آئی آر نمبر 304/26 درج کر لی گئی، ابتدائی تفتیش کے دوران یہ سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں کہ ملزم نے متعدد شہریوں کو پرتگال کا ورک ویزا دلوانے کا سنہرا جھانسہ دیا اور ان سے مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 86 لاکھ روپے کی خطیر رقم وصول کی، معصوم شہریوں کو بیرون ملک روزگار کے خواب دکھا کر خطیر رقم بٹورنے کے بعد ملزم روپوش ہو گیا، تاہم ایف آئی اے کی ٹیم نے جدید تکنیکی وسائل اور حکمت عملی کی مدد سے ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے کر باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس گھنائونے کاروبار میں ملوث پورے نیٹ ورک اور اس کے ممکنہ سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جا سکے، تفتیش کے دائرے کو وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ اس گروہ کے ہاتھوں لٹنے والے دیگر متاثرین سے متعلق حقائق بھی سامنے لائے جا سکیں اور متاثرہ شہریوں کو ان کی رقوم کی واپسی کے ساتھ ساتھ ملزم کو عبرتناک سزا دلائی جا سکے۔