پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نوجوان سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ

جمعرات 2 جولائی 2026 21:59

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نوجوان سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2026ء) پاکستان میں معاشی استحکام اور سٹاک مارکیٹ میں بہتری کے باعث نوجوان سرمایہ کاروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال اگست سے مئی تک ایک لاکھ 80 ہزار 148 نئے ریٹیل سرمایہ کار پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹر ہوئے، 18 سے 30 سال کے نوجوان سرمایہ کار نئے رجسٹریشنز کا 41 فیصد رہے جن کی تعداد 74 ہزار 629 ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

عرب نیوز کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ماہانہ اوسطاً 15 ہزار نئے اکاؤنٹس کا اضافہ ہو رہا ہے جن میں تقریباً 40 فیصد نوجوان سرمایہ کار شامل ہیں، گزشتہ 3 برسوں میں پاکستان سٹاک مارکیٹ نے ڈالر کی بنیاد پر 66 فیصد سالانہ منافع دیا جو خطے میں سب سے زیادہ ہے۔ عرب نیوز کے مطابق حکومت کی معاشی اصلاحات اور آئی ایم ایف پروگرام کے باعث میکرو اکنامک استحکام نے سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کو مضبوط بنایا، بڑھتی سرمایہ کاری، نوجوانوں کی بھرپور شرکت اور مضبوط معاشی اشاریے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتے ہیں۔